لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلی مریم نوازشریف نے ٹیوٹا کورسز کے لئے روبوٹک لیب بنانے اور طلبہ کی تعداد چار ہزار سے بتدریج 40ہزار کرنے کا اعلان کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے ٹیوٹا کی مکمل ری سٹرکچرنگ کا حکم بھی دیا۔ مریم نواز شریف نے گورنمنٹ ٹیکنالوجی کالج فار وویمن پہلے چیف منسٹر سکلز ڈویلپمنٹ انیشیٹیو کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ وزیراعلیٰ نے تقریب میں پہنچنے پر طالبات سے ملاقات کی اور طالبات کو پیار کیا۔ سٹیج پر بلا کر طالبات کے ساتھ پراجیکٹ کا ڈیجیٹل افتتاح کیا اور طالبات کو سٹیج پر ساتھ کھڑا کرکے خطاب کیا۔ مریم نواز کو 1909ء میں قائم ہونے والے ادارے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی نے کالج کی لیب اور ڈسپلے سنٹر کا بھی دورہ کیا۔ مریم نواز شریف نے لیب کی ری سٹرکچرنگ اور روبوٹک لیب قائم کرنے کا اعلان کیا اور کہا کہ کورسز پراجیکٹ کے طلبہ کی تعداد 4 ہزار سے بتدریج 40 ہزار تک بڑھائیں گے۔ کورسز مکمل کرنے والے طلبہ کو لیپ ٹاپ بھی دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔ ٹیوٹا فری کورسز نوجوانوں کا حق ہے کسی کا احسان نہیں، جس سے محروم رکھا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے ڈسپلے سنٹر میں دستکاریوں، پینٹنگز اور سرامک ورک کو سراہا۔ ایک طالبہ نے مریم نوازشریف کو ہاتھ سے بنائی ہوئی پینٹنگ پیش کی۔ صوبائی وزیر صنعت چوہدری شافع حسین نے پراجیکٹ کی غرض وغایت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ جاپان، یونان اور دیگر ممالک میں ٹیوٹا کے سکلڈ ورکر کی مانگ ہے۔ مریم نواز شریف نے واپسی پر کھڑی بچیوں کو دیکھ کر گاڑی روک کر سیلفی بنوائی۔ وزیراعلی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ چیف منسٹر سکلز ڈیویلپمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے۔ چیئرمین ٹیوٹا اور ان کی ٹیم کو ایک ماہ میں یہ پروگرام شروع کرنے پر شاباش دیتی ہوں۔ پروگرام کے لئے ہزار بچے سلیکٹ ہوئے جن میں سے 400 لڑکیاں ہیں۔ ٹیوٹا کی پہلی میٹنگ لی تو افسوس ہوا کہ ہم گھسے پٹے نظام لے کر چل رہے ہیں۔ لڑکیوں کی تعداد کو 50فیصد سے اوپر جانا چاہیے۔ ہم نے مارکیٹ ڈیمانڈ کے مطابق کورسز شامل کیے ہیں۔ سائبر سکیورٹی، آرٹی فیشل انٹیلی جنس کورس شروع کیے ہیں۔ سکل ڈویلپمنٹ کی ٹریننگ مکمل فری ہے۔ مارکیٹ کی ڈیمانڈ کے مطابق اپنے نصاب میں تبدیلی لائے ہیں۔ مارکیٹ کے مطابق کورس کرائیں گے تو لوگ جاب پیچھے لے کر پھریں گے۔ یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا تھا کہ کورسز جدید ٹیکنالوجی کے مطابق نہیں تھے۔ ہمیں جدید ٹیکنالوجی کے ساتھ نصاب کو بدلنا ہوگا۔ خواہش ہے کہ بچوں کو کورسز سے فارغ التحصیل ہونے سے پہلے نوکری مل جائے۔ لاہور میں ملک کی پہلی آئی ٹی سٹی شروع کررہے ہیں۔ جو ایک سال میں شروع ہوجائے گی۔ چیف منسٹر سکلز انیشیٹوز کے تحت طلبہ کو کلائوڈ کمپیوٹنگ، سائبر سکیورٹی، ڈیٹا اینالیٹکس، گرافک ڈیزائن، آرٹی فیشل انٹیلی جنس، مشین لرننگ اور گیم ڈویلپمنٹ کورسز کروائے جائیں گے۔ کورس مکمل کرنے والے طلبہ مائیکروسافٹ، ایڈوب، سیسکو اور یونیٹی جیسے بین الاقوامی اداروں کے انٹرنیشنل سرٹیفکیشن حاصل کریں گے۔ دنیا کے ٹیک جوائنٹس کا آئی ٹی سٹی پراجیکٹ میں شامل ہونے کے لئے تیار ہیں۔ ٹیوٹا کی ری سٹرکچرنگ ماڈرن لائنز پر کرنے کی ہدایت کی ہے۔ جدید کورسز کے لئے جو ایکسپرٹس اور فیکلٹی باہر سے یا پرائیویٹ سیکٹر سے ہائر کرنی پڑتے ہیں وہ کریں۔ لوگ صرف دعوے کرتے ہیں اور پانچ سال بعد ان کے پاس دکھانے کے لیے کچھ نہیں ہوتا۔ اللہ کا شکر ہے ہم نے چیف منسٹر سکلز انیشیٹیو کا افتتاح آج کیا جبکہ کلاسز پہلے سے ہی شروع ہوگئی ہیں۔ مسلم لیگ نون نے کبھی بچوں کے ہاتھ میں ڈنڈے، غلیلیں اور پٹرول بم نہیں دیے۔ بچوں کو اپنی سکیورٹی ایجنسیز کو مارنا، ان کے سر اور آنکھیں پھوڑنا نہیں سکھایا۔ لاء اینڈ آرڈر کی پہلی میٹنگ لی تو ڈی آئی جی آپریشنز سے پوچھا کہ ان کی آنکھ کو کیا ہوا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ نو مئی کے واقعات میں ان کی آنکھ ضائع ہو گئی۔ ہم نے بچوں کو یہ نہیں سکھانا کہ مار دو، مر جاؤ ،جلا دو، توڑ دو۔ نو مئی کو جنا ح ہاؤس گئی تو میرا دل خون کے آنسو رو رہا تھا۔ لیپ ٹاپ اور پیف سکالرشپس دیں تو مسلم لیگ نون نے دی ہیں۔ دانش سکول، سٹیٹ آف دی آرٹ یونیورسٹیز بنائی تو مسلم لیگ نون نے بنائیں۔ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام بھی مسلم لیگ ن شروع کر رہی ہے۔ جب بچوں کو پٹرول بم اور دفاعی اداروں پر حملے کی ترغیب دی جاتی ہے تو کوئی حرکت میں نہیں آتا۔ اسی طرح جب بچوں کو محافظوں کی ہڈیاں ڈنڈوں سے توڑنے اوران کی آنکھیں زخمی کرنے کا کہا جاتا ہے تو کوئی حرکت میں نہیں آتا۔ بہاولپور میں بچے کی سکول جانے کے لئے سائیکل کی خواہش فوری پوری کی۔ بچے کو سائیکل ملی تو وہ سکول جاتا ہے، لڑکیوں کے کالج کے سامنے نہیں جاتا۔ جنہوں نے گرلز کالج کے سامنے جانا ہے ان کو موٹرسائیکل کی ضرورت نہیں۔ ون ویلنگ کے لیے بھی لڑکوں کو حکومت کی موٹر سائیکل کی ضرورت نہیں۔ نوجوان ون ویلنگ ہرگز نہ کریں، اپنے ماں باپ کا خیال رکھیں، انہوں نے بہت محبت سے آپ کو پالا ہے۔ اورنج لائن کے منصوبے کو روک کر قوم کا نقصان کیا گیا۔ مریم نواز شریف سے صوبائی وزیر کمیونیکیشن اینڈ ورکس صہیب احمد ملک نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ کو صہیب احمد ملک نے آگاہ کیاکہ صوبے بھر میں روڈز کی مرمت، بحالی اور نئی سڑکو ں کی تعمیر کی جارہی ہیں۔ مریم نواز شریف نے شہریوں کی سہولت کے لئے ایس ایل تھری کی جلد از جلد تکمیل کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کسی گلی محلے میں کھڑے پانی سے عوام کو ہونے والی تکلیف برداشت نہیں۔ ٹوٹی گلیوں، گلی محلوں اور سڑکوں پر کھڑا گندا پانی اور ابلتے گٹروں کو دیکھنا تکلیف دہ امر ہے۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت لوکل گورنمنٹ سے متعلق اجلاس میں مضافاتی آبادیوں میں سٹریٹ لائٹس، پارک اینڈ ہارٹیکلچر پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ لاہور کے ہر علاقے میں بلا امتیاز ڈویلپمنٹ کرائی جائے، کوئی حصہ محروم نہ رہے۔ شہر کی کوئی گلی کچی نہ رہے، پانی کے نکاس کا پائیدار نظام بھی وضع کیا جائے۔ تمام ادارے عوام کے مسائل حل کرنے میں کوتاہی نہ کریں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں پنجاب کا پہلا پلگ اینڈ پلے طرز پر گارمنٹس سٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ منسٹر انڈسٹری چوہدری شافع حسین کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کر دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ پہلے پلگ اینڈ پلے گارمنٹس سٹی میں تمام سہولیات میسر ہوں گی۔ گارمنٹس سٹی میں بڑی ایپیرل انڈسٹریز سے اظہار دلچسپی طلب کرنے کی ہدایت کی۔ گارمنٹس سٹی میں شیڈ اور دیگر سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ ویونگ، ڈائینگ اور دیگر متعلقہ یونٹ قائم ہوں گے۔ گارمنٹس سٹی میں گرین انرجی /سولر انرجی سسٹم قائم کئے جائیں گے۔ پہلے گارمنٹس سٹی پائلٹ پراجیکٹ کے بعد بتدریج دیگر علاقوں میں بھی گارمنٹس سٹی قائم ہوں گے۔