ڈرامہ سیریل جنٹلمین جس کے ذریعے معروف اداکار ہمایوں سعید پانچ سال کے بعد چھوٹی سکرین پر واپسی کررہے ہیں، وہ گزشتہ روزآن ائیر کر دیا گیا ہے۔اس ڈرامے کے آن ائیر ہونے سے قبل کراچی میں سکریننگ رکھی گئی، جس میں ڈرامے کی کاسٹ جس میں ہمایوں سعید، یمنہ زیدی، سوہائے علی آبرو کے علاوہ شوبز کے ستاروں نے بھرپور شرکت کی۔ڈرامے کے رائٹر خلیل الرحمان قمر خصوصی طور پر اس ایونٹ کے لئے لاہور سے کراچی پہنچے۔ نادیہ خان، جویریا سعود، غنا علی، سعدیہ امام، یاسر حسین، انعم تنویر، مرینہ خان، ہمایوں اشرف، ازان سمیع خان، حمزہ علی عباسی، سارا خان، فلک شبیر، حرا مانی، مانی و یگر نے ڈرامہ کاسٹ کے ساتھ بیٹھ کر کراچی کے مقامی سینما میں دیکھا۔ ڈرامے کی پہلی دو اقساط ایک ساتھ سینما گھر میں دکھائیں گئیں۔ ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ ہمارا ایک سیاسی نظام ہے اور اس کے متوازی ایک مافیا ہے جسے سیاستدانوں اور بااثر شخصیات کی پشت پناہی حاصل ہے، کہانی میں خصوصی طور پر کراچی کے بھائی کلچر کی عکاسی کی گئی ہے۔ اس موقع پر ہمایوں سعید نے کہا کہ میں بالکل بھی نروس نہیں ہوں لیکن امید ہے کہ ڈرامے کو بہت پسند کیا جائیگا، ڈرامے کی کی کہانی اور ڈائیلاگز ایسے ہیں کہ دیکھنے والے محظوظ ہوں گے۔ یمنہ زیدی و دیگر نے بہت اچھا کام کیا ہے۔ عدنان صدیقی نے کہا کہ جب یہ کہانی میرے پاس آئی اور مجھے میرا کردار بتایا گیا کہ تو میں بہت خوش ہوا،کیونکہ میں نے پہلے ایسا کردار نہیں کیا تھا، صرف میں ہی نہیں ہر کوئی اپنے کردار کو پڑھ کر جان کرکافی پرجوش تھا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرے پاس تم ہو ایک الگ لیول کا ڈرامہ تھا وہ ڈرامہ بھی میرے دل کے قریب تھا ہے اور رہے گا لیکن یہ ڈرامہ بھی میرے دل کے بہت قریب ہے۔ میرا اس میں جو گیٹ اپ ہے وہ بہت الگ ہے مجھے خوشی ہے کہ یہ کردار میرے حصے میں آیا۔ خلیل الرحمان قمر کے لکھے ہوئے ڈائیلاگز بہت اچھے ہیں یقینا یہ بھی زبان زد عام ہوں گے۔ یمنہ یدی نے کہا کہ جنٹلمین میں ہمایوں سعید، عدنان صدیقی و دیگر کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بہت اچھا رہا ہے۔ ہم سب نے دل سے کام کیا ہے امید ہے کہ دیکھنے والے پسند کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری خوش نصیبی ہے کہ میرے ہر ڈرامے کو شائقین پذیرائی دیتے ہیں۔ جنٹلمین کی پرڈیوسر ثناء شاہنواز نے کہا کہ ہم نے ایک اچھی چیز بنا کر لوگوں کو دی ہے اب ان پر ہے کہ وہ اس کو کس انداز سے پذیرائی دیتے ہیں، مجھے امید ہے کہ اس ڈرامے کو بھی وہ ہمیشہ کی طرح پذیرائی ہی دیں گے۔ جویریا سعود نے کہا کہ سینما گھروں میں ڈراموں کی سکریننگ کرنے کا رجحان اچھا ہے، فلمیں تو بن نہیں رہیں لہذا لوگوں کو کسی نہ کسی بہانے سینما گھروں میں لایا جانا چاہیے۔ ہمایوں سعید بلاشبہ اچھے اداکار ہیں، عدنا ن صدیقی بھی بہترین اداکار ہیں، اس ڈرامے کا ہر ایکٹر منجھا ہوا ہے یقینا جنٹلمین ایک شاہکار ثابت ہو گا۔ جویریا نے مزید کہا کہ یمنہ زیدی کی اداکاری کو دیکھ کر ہمیں پی ٹی وی کی پرانی اداکارائیں یاد آجاتی ہیں۔ خالدہ ریاست، روحی بانو و دیگر اداکاراؤں کی اداکاری کا جو انداز تھا، یمنہ میں بھی وہ ٹیلنٹ ہے۔ اداکارہ مایا خان نے کہا کہ میری نیک تمنائیں جنٹلمین کی تمام ٹیم کے ساتھ ہیں خلیل الرحمان قمر کی لکھی ہوئی کہانی ہمیشہ ہی عوام میں پذیرائی حاصل کرتی ہے۔ سعدیہ امام نے کہا کہ ہمایوں سعید ویسے ہی میرے پسندیدہ اداکار ہیں، اس لئے میں آج اس تقریب میں آئی ہوں اور سب سے بڑھ کر یہ کہ ہمایوں سعید میری بیٹی کے پسندیدہ اداکار ہیں۔ سعدیہ امام نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے پوری دنیا میں پسند کئے جاتے ہیں مجھے خوشی ہے کہ ہمارے ہاں بہترین لکھنے والے ہیں اور بہترین اداکاری کرنے والے اداکار موجود ہیں۔ ازان سمیع خان نے کہا کہ ہمایوں سعید سب کی طرح میرے بھی پسندیدہ اداکار ہیں مجھے امید ہے کہ یہ ڈرامہ کامیابیوں کے نئے ریکارڈقائم کریگا۔ حمزہ علی عباسی نے کہا کہ جنٹلمین کی کاسٹ کہانی، رائٹر سب ایسے ہیں کہ جن کا ایکساتھ ہونا ہی کامیابی کی ضمانت ہے۔ اعجاز اسلم نے کہا کہ میں نے ڈرامے کی آج جو دو اقساط دکھائی گئی ہیں وہ دیکھی ہیں کیا کمال کا کام کیا گیا ہے، امید ہے کہ ٹیم جنٹلمین ہر گھر کی فیورٹ بن جائیگی۔ جنٹلمین کی سکریننگ پر نہ صرف شوبز ستارے موجود تھے بلکہ عام لوگ بھی موجود تھے جنہوں نے ڈرامہ دیکھنے کے دوران متعدد مرتبہ تالیاں بجائیں۔اداکارہ دیا رحمان نے کہا کہ جس روز جنٹلمین آن ائیر جا رہا ہے اسی روز سے ہمارا ڈرامہ زرد پتوں کے بن بھی آن ائیر جا رہا ہے جس میں میرے علاوہ سجل علی، حمزہ سہیل و دیگر اہم کردار ادا کررہے ہیں۔ میں نے جنٹلمین کا ٹیزر دیکھا تو بہت اچھا لگا اور خلیل الرحمان قمر کے لکھے ہوئے ڈائیلاگز تو ہم سب کے فیورٹ ہوتے ہیں۔ تاہم زرد پتوں کے بن بھی شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کریگا۔ یاد رہے کہ یمنہ یدی ویسے تو ہمایوں سعید کی پروڈکشن میں بننے والوں ڈراموں میں کام کر چکی ہیں لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ یمنہ زیدی ہمایوں سعید کے ساتھ سکرین شئیر کررہی ہیں۔ یمنہ زیدی نے ڈرامے میں ایک صحافی کردار ادا کیا ہے ایسی صحافی جو ظلم کے خلاف آواز اٹھاتی ہے نڈر ہے اور حق سچ کے لئے ڈٹ جاتی ہے۔ دوسری طرف ہمایوں سعید نے اس میں ایک ایسے غنڈے کا کردار کیا ہے جس کے ہاتھ میں پستول ضرور رہتی ہے لیکن وہ کسی کی جان نہیں لیتا۔ ڈرامے کی کہانی میں سوسائٹی کے ان مسائل کو ہائی لائٹ کیا گیا ہے جن پر کوئی آواز نہیں اٹھاتا۔