اسلام آباد (خبر نگار خصوصی + نوائے وقت رپورٹ) وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی۔محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال پر اسلام آباد میں خصوصی اجلاس ہوا۔اجلاس میں وزیرِاعظم آزاد جموں و کشمیر، آزاد حکومت کے وزراء اور اعلی سیاسی قیادت نے شرکت کی۔ اجلاس میں حالیہ صورتحال کا مفصل جائزہ لینے کے بعد وزیرِاعظم د شہباز شریف نے کشمیری عوام کے مسائل کو حل کرنے کیلئے 23 ارب روپے کی فوری فراہمی کی منظوری دے دی۔کشمیری قیادت اور جملہ شرکاء نے وزیرِ اعظم پاکستان شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا.اس فیصلے کے فوراً بعد آزاد کشمیر میں بجلی کی قیمتوں میں کمی کردی گئی۔آزاد جموں و کشمیر محکمہ توانائی نے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ گھریلو استعمال کی بجلی کے لئے ایک سے 100 یونٹ تک بجلی کی قیمت 3 روپے فی یونٹ ہوگی۔ 101 سے 300 یونٹ تک 5 روپے جبکہ 300 سے زیادہ یونٹس کے استعمال پر 6 روپے فی یونٹ ہو گی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق کمرشل استعمال پر 300 یونٹ استعمال پر بجلی کی فی یونٹ قیمت 10 روپے ہو گی۔ 300 سے زائد یونٹس کے استعمال پر فی یونٹ بجلی کی قیمت 15 روپے ہوگی۔بعدازاں وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق نے کابینہ ارکان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سستی بجلی اور سستی روٹی کے مطالبات کو کوئی ذی شعور انکار نہیں کرسکتا، وزیراعظم پاکستان نے معاشی مشکلات اور تحفظات کے باوجود فوری طور پر بجلی اور گندم پر سبسڈی کے نوٹیفکیشن جاری کردیے۔انہوں نے کہا کہ پہلے آٹے کا ریٹ 3100 روپے فی من تھا، جس پر 1100 روپے سبسڈی دی گئی ہے جس کے نتیجے میں نئی قیمت 2 ہزار روپے من ہوگئی، اس سے قومی خزانے پر 23ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا جس کو وزیراعظم نے خوشدلی سے منظور کیا، ان معاملات کو حل کرنے کیلئے فوج کے سربراہ نے اہم کردار ادا کیا۔آزاد کشمیر میں 40 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے اور ایک کلو آٹا 50 روپے کا ہوگیا۔ علاوہ ازیں ازیراعظم شہباز شریف نے کسانوں سے گندم کی خریداری کے معاملے پر غفلت برتنے پر 2 پاسکو افسران کو معطل کر نے کی ہدایت کر دی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت گندم کی خریداری کے پروگرام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔ وزیراعظم نے گندم خریداری کے عمل میں ٹیکنالوجی کے استعمال کے حوالے سے ہدایات پر عمل نہ کرنے اور غفلت برتنے پر پاسکو کے منیجنگ ڈائریکٹر اور جنرل منیجر پروکیورمنٹ کو معطل کرنے کی ہدایت کر دی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی خریداری کے عمل کیلئے موبائل ایپلی کیشن تیار کیوں نہ کرائی گئی؟ انہوں نے گندم خریداری کیلئے موبائل فون ایپلی کیشن تیار کرنے کی تاکید کی اور پاسکو کے سٹاک کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی بھی ہدایت کی۔ شہباز شریف نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گندم کی خریداری کا عمل صاف اور شفاف بنانے کے حوالے سے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، کسان کے معاشی تحفظ کیلئے اجناس کی انشورنس کو یقینی بنایا جائے، پاسکو 4 لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم کی شفاف اور موثر طریقے سے خریداری کرے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کسانوں کی ترقی اور خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے پاسکو مراکز اور افسران کا انتخاب کیا جائے گا اور ان کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی، کسانوں کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ مزید برآں وزیر اعظم نے پاسکو کو چار لاکھ میٹرک ٹن اضافی گندم کی شفاف اور مؤثر طریقے سے خریداری کرنے کی بھی ہدایت دی۔وزیراعظم نے کہا کہ کسان کا نقصان کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا ۔وزیراعظم نے کہا کہ اچھی کارکردگی دکھانے والے پاسکو مراکز اور افسران کا انتخاب کیا جائے گا اور ان کی حکومتی سطح پر پذیرائی کی جائے گی۔ مزید برآںوزیر اعظم شہباز شریف سے پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر مسٹر پارک کی جون نے ملاقات کی۔دوسری مرتبہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر کورین قیادت کی جانب سے مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کوریا کے صنعت، بالخصوص چھوٹے پیمانے کی صنعت کے شعبے کی ترقی ، آئی ٹی شعبے بشمول آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے تجربے سے سیکھنے کا خواہاں ہے۔ پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت کی برآمد میں اضافے کی پیشکش کی۔ تجارتی وفود کے تبادلے کی تجویز دی۔ وزیراعظم نے صدر یون سک یول کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔علاوہ ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے کہاہے کہ پاکستان میںکرپشن کے خاتمے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سعودی عرب کے ساتھ حالیہ روابط سے معیشت میں بہتری آئے گی۔ العربیہ نیوزچینل کو دیئے گئے خصوصی انٹرویو کی مزید تفصیلات میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کی دنیا میں مثال نہیں،غم و خوشی مشتر ک ہیں۔ سعودی عرب کے ساتھ اعلیٰ سطح کے حالیہ روابط سے معیشت میں بہتری آئے گی۔ سعودی وزیر خارجہ اور اعلیٰ سرمایہ کاری وفد کا دورہ پاکستان نیا سنگ میل ثابت ہو گا۔ پاکستان کی پہلی ترجیح معیشت کی بحالی ہے۔ کویت، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکی اور چین سے تعلقات کی مزید مضبوطی کے لئے پر عزم ہیں۔ ملک کو سنگین چیلنجز کاسامنا ہے،بیرونی قرضوں سے نجات اور ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ دے رہے ہیں۔وزیراعظم محمد شہبازشریف کی زیر صدارت صوبہ بلوچستان کے امور پر اہم اجلاس ، وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کی زیر قیادت حکومت بلوچستان کے وزراء اور چیف سیکریٹری سمیت وفد نے شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مجھے امید ہے وزیر اعلیٰ کی زیر قیادت نئی صوبائی کابینہ صوبے کے مسائل حل کرنے اور اسے ترقی کی راہ پر ڈالنے میں اپنا کردار ادا کرے گی ۔ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے حوالے سے وفاقی حکومت ہر ممکن مدد فراہم کرے گی ۔ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم کی جائے ۔
مظفر آباد+ اسلام آباد( وقائع نگار+نوائے وقت رپورٹ ) پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم پاکستان نے ہنگامی اجلاس بلایا جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی، وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا شکر گزار ہوں۔چوہدری انوار الحق کا کہنا تھا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات تسلیم کرلیے گئے، سستی روٹی، سستی بجلی کے مطالبات سیکوئی انکار نہیں کرسکتا، پہلے 3100 روپے فی من آٹے کا نرخ تھا، آٹے کا اب فی من نرخ 2000 روپے مقررکیا گیا ہے، بجلی کے ایک سے 100 یونٹ تک کے نرخ 3 روپے، 100 سے 300 یونٹ کے 6 روپے ہوں گے، سبسڈی سے 23 ارب روپیکا بوجھ پڑے گا جسے حکومت پاکستان نے خوش دلی سے قبول کیا، آزادکشمیر میں امن و امان کی فضا قائم ہوجائے گی۔ وزیراعظم آزادکشمیرکا کہنا تھا کہ دھرنے کے شرکاء کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا نہ کوئی زخمی ہوا، حالیہ صورتحال میں100 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے کہاہے کہ آزادکشمیر کی موجودہ صورتحال پر صدر پاکستان آصف علی زرداری،وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے جو اہم کردار ادا کیا ہے اس پر انکا شکریہ ادا کرتا ہوں۔وزیراعظم پاکستان نے آج اہم اجلاس بلایا جس میں کشمیری قیادت سمیت تمام سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی اور آزادکشمیر کے عوام کیلئے 23 ارب روپے کے فوری ریلیف پیکج کا اعلان کیا ، آٹے اور بجلی میں ریلیف کے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دئیے گئے ۔ شہید ہونے والے سب انسپکٹر عدنان قریشی کو سلام پیش کرتا ہوں ان کی فیملی کو ایک کروڑ روپے ریلیف دیا جائے گا۔آج بھارت میں اجیت ڈول کے گھر صف ماتم ہو گی۔وزیراعظم نے جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوے کہا کہ تین روز سے احتجاج جاری تھا، مطالبات حق بجانب ہیں۔ اس ایشو پر صدر پاکستان نے اہم اجلاس طلب کیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی لاہور سے فون کیا،وزیراعظم پاکستان کے شکر گزار ہیں،حکومت نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا،ایک سو پولیس اہلکار زخمی ہوئے، اجلاس میں وزیراعظم پاکستان کا کشمیری عوام،کابینہ اور اتحادی حکومت کی جانب سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ وزیراعظم پاکستان کی ہدایت پر عرصوں سے حل طلب مسائل منٹوں میں حل ہوے، یہ نوٹیفکیشن فی الفور نافذ ہونگے، یہ مستقل ریلیف ہے،جو اگلے بجٹ کا حصہ ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے ارکان کو نوٹیفکیشن دیں گے، وزیراعظم ہاؤس کے بجٹ میں 50 فیصد اخرجات کئے گئے ہیں، حکومت نے بچت کر کے دس ارب کی لاگت سے سوشل ویلفئیر فنڈ کا قیام عمل میں لایا گیا، جو جعلی تصدیق دیگا 3 سال قید ہو گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ سچ نہیں بکتا، آباو اجداد سے نظریہ الحاق پاکستان کا داعی ہوں،میری اولاد بھی نظریہ الحاق پاکستان پر قائم رہے گی کسی ایک وزیر نے حکومت کی پالیسی پر تنقید نہیں کی۔وزیراعظم نے کہا کہ گندم مافیا طاقتور تھا،سارا آٹا سمگل ہوتا تھا،آج جب چوری روکی اور دو نمبری روکی تو یہی 3 لاکھ ٹن آٹا ضرورت پوری کر رہا ہے،یہ حکومت پاکستان نے کرتی ہے نیلم جہلم اور منگلا کو وفاق ہینڈل کر رہا ہے،حکومت پاکستان نے جس ریٹ کی منظوری دی یہ جنوبی ایشیاء میں سب سے کم ہے،یہ وہ رشتہ ہے جو پاکستان اور کشمیریوں کا ہے، محبت اور وفاء کا رشتہ ہے بقایا جات ہیں وہ قسطوں میں دے دیں،ایل او سی پر پاک فوج نے شہادتیں دی ہیں,پاک فوج کے سربراہ کا کشمیر پر عزم واضح ہے،۔ پی ٹی آئی آزادکشمیر کے سربراہ لایعنی باتیں کر رہے ہیں،خواہشوں پر خبر نہیں بن سکتی،ریاست میں صیحیح گورننس کی جاتی تو 5 سال میں ویلفئیر سٹیٹ بن جاتی خودساختہ اشرافیہ سے پوچھا جائے کہ ان کے آباو اجداد کے پاس کتنے اثاثے تھے۔چیف آف آرمی سٹاف نے سیفیک بنایا,شہید سب انسپکٹر کی فیملی کیلیے ایک کروڑ روپے کا ریلیف دیا جائے گا،شہید سب انسپکٹر کی جرات کو سلام عقیدت پیش کریں گے,یوم تاسیس پر شہید انسپکٹر کو ایوارڈ بھی دیں گے۔ٹمبر مافیا،فوڈ مافیا اور سگریٹ مافیا پر ہاتھ ڈالا،یہ غیر قانونی کام بند کر دئیے ہیں،کسی وزیر کا کرپشن کا سکینڈل نہیں ہے،آزادکشمیر حکومت نے کھنڈر سے چیزوں کو ٹھیک کر دیا ہے،وزیراعظم پاکستان نے شفقت فرمائی اور ریلیف دیا،ہمیں وفاقی حکومت کی مکمل تائید حاصل رہی۔ آج اجیت ڈول کے گھر اجتماعی ماتم ہو گابھارت جو آگ آزادکشمیر میں لگانا چاہ رہے تھے اس میں اسے ناکامی ہوئی۔
مظفرآباد(جاوید چوہدری+نامہ نگار) ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی اعلان کے بعد عوامی ایکشن کمیٹی کے رہنما مظفرآباد پہنچ رہے ہیں، مظاہرین مظفر آباد اسمبلی کے سامنے احتجاج ،جھڑپیں، شیلنگ، پتھرائو، متعدد شہری زخمی ہو گئے ۔ آزاد کشمیر میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس بھی مکمل طور پر بحال کردی گئی ہے۔ع وامی جائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر مطالبات کے حق میں شٹرڈائون پہیہ جام ہڑتال چوتھے روز بھی جاری رہی، مظفرآباد میں مختلف چوکوں سڑکوں پر پولیس نفری معمول سے کم رہی ۔شٹر ڈائون پہیہ جام ہڑتال پرامن رہی۔ دارالحکومت مظفرآباد میں بڑی ریلی نکالی گئی، جو اپراڈہ سے ہو کر مرغ مارکیٹ مٹن مارکیٹ سی ایم ایچ روڈ مدینہ مارکیٹ گرلز کالجز روڈ ،خواجہ بازار،مین بازار سے ہو کر اپراڈہ میں اختتام پزیر ہوئی۔ شرکاء کی نعرے بازی، نعروں سے فضا گونج اٹھی ۔محکمہ خوراک آزاد کشمیر نے آٹے کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، گھریلو استعمال کے لئے بجلی صارفین کو ایک سو یونٹ تک بجلی فی یونٹ3 روپے میں ملے گی، تین سو یونٹ والے صارفین کو فی یونٹ5 روپے، چھ سو یونٹ تک 6 روپے فی یونٹ مقرر جبکہ کمرشل استعمال میں ایک سو سے تین سو تک 10 روپے فی یونٹ اور تین سو سے اوپر فی یونٹ 15 روپے فی یونٹ مقرر محکمہ برقیات نے نوٹیفکیشن جاری کردیا، 40 کلو گرام آٹا 2 ہزار روپے میں ملے گا۔حکومت پاکستان کی جانب سے آزادکشمیر میں ہڑتالی عوام سے نمٹنے کے لئے بھیجی گئی ۔ بعض افراد نے پتھراو بھی کیا تاہم آزاد کشمیر پولیس کی مداخلت پر معاملہ رفع دفع کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اس دھینگا مشتی اور احتجاج کے دوران ہوائی فائرنگ، شدید شیلنگ سے 3 نوجوان جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، درجنوں زخمی، ایف سی کی ایک گاڑی مشتعل مظاہرین نے نظر آتش کر دی۔ شہر اقتدار مظفرآباد کے علاقے میدان جنگ میں تبدیل۔ عوامی جائنٹ ایکشن کمیٹی کے ممبران جو کوہالہ پہنچ چکے تھے کا کہنا تھا کہ جب تک ہمیں نوٹیفکیشن تحریری صورت میں نہیں ملتا ہم مظفرآباد کی جانب مارچ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے عارضی طور پر کوہالا کے مقام پر مارچ کرنے والے شرکاء کو روک لیا۔ برار کوٹ کے مقام پر شدید تصادم ہوا اور مشتعل مظاہرین نے ایف سی کی ایک گاڑی کو بھی نظر آتش کر دیا اور کئی ایک زخمی ہو گئے۔ ویسٹرن بائی پاس کو مختلف جگہوں سے رکاوٹیں ڈال کر مکمل بند کر دیا۔ درجنوں لوگوں کو زخمی کرتے ہوئے گاڑیاں گزار لے گئے۔ مظفرآباد یونین کونسل گوجرہ درہ بٹنگی کا نوجوان وقار مادر وطن پر قربان ہو گیا۔ وقار کی شہادت کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی اور قرب و جوار کے علاقوں سمیت پولیس لائن نلوچھی گوجرہ اور دیگر علاقوں کی عوام مرد و زن بچے بوڑھے گھروں سے باہر نکل آئے۔نلوچھی گاؤں پر بھی بے دریغ آنسو گیس شیلوں کی بارش کی ۔ آخری خبر تک حالات شدید کشیدہ ہو چکے ہیں اور شہر بھر سے لوگ دیگر تمام کام چھوڑ کر مظفرآباد میں آمد اور ان کی طرف سے کی گئی ظالمانہ کاروائی پر سراپا احتجاج بن چکے ہیں۔ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔