لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انورکی ہدایت پر پنجاب پولیس کا بیرون ملک مفرور اشتہاری مجرمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔جس کے تسلسل میں پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے 3مجرمان کو متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب سے گرفتار کرکے پاکستان منتقل کر دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس سپیشل آپریشن سیل کے انسپکٹر نجم فراز متحدہ عرب امارات سے 2 اشتہاریوں کو لے کرلاہور ائیر پورٹ پر پہنچے۔ اشتہاری وجیہہ الحسن نے 3 برس قبل تھانہ صدر ڈسکہ سیالکوٹ کی حدود میں شہری کو قتل کیا تھا۔ دوسرا اشتہاری محمد سلیمان اپنے بچوں کے اغوا، غیر قانونی طور پر دبئی منتقل کرنے کے مقدمہ میں تھانہ رنگپورہ سیالکوٹ کو مطلوب تھا۔ تیسرے اشتہاری مجرم محمد اشرف کو سعودی عرب سے پاکستان منتقل کیا گیا۔ محمد اشرف گذشتہ 9برس سے بہاولپور پولیس کو قتل سمیت دیگر مقدمات میں مطلوب تھا۔ تینوں ملزمان کو پنجاب پولیس اور انٹرپول اسلام آباد کی باہمی کوآرڈنیشن سے گرفتار کیا گیا۔ قانونی مراحل مکمل کرنے کے بعد ملزمان کی ایسٹراڈیشن کروائی گئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ رواں سال بیرون ملک سے گرفتار اشتہاری مجرمان کی مجموعی تعداد 34 ہو گئی ہے۔