بوسنیا ‘ہرزیگووینا کیساتھ تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے،صدر

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)صدر مملکت آصف علی زرداری سے بوسنیا اور ہرزیگووینا کے سفیر نے ملاقات کی ،صدر مملکت نے کہا کہ بوسنیا اور ہرزیگووینا کے ساتھ تجارتی اور کاروباری تعلقات فروغ دینے کی ضرورت ہے، بینک کھولنے، مقامی کرنسیوں میں تجارت اور بارٹر تجارت کو فروغ دیا جاسکتا ہے ،پاکستان کے بوسنیا اور ہرزیگوینا کے ساتھ تعلقات تقریباً تین دہائیوں پر محیط ، تاریخی اور دوستانہ روابط پر مبنی ہیں، دونوں ممالک کو باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کی مزید راہیں تلاش کرنے کیلئے دو طرفہ روابط اور بات چیت جاری رکھنی چاہیے،  سفیر  نے کہا کہ بوسنیا اور ہرزیگووینا پاکستان کے ساتھ معیشت، سلامتی اور ثقافت کے شعبوں میں گہرے تعلقات کا خواہاں ہے، خوراک، سیاحت اور ٹیکسٹائل سمیت بوسنیا اور ہرزیگووینا کے مختلف شعبوں میں پاکستانی کاروباری اداروں کیلئے اقتصادی تعاون کی وسیع گنجائش موجود ہے، سفیر نے 1990 کی دہائی کی جنگ کے دوران بوسنیا اور ہرزیگووینا کی حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا،سفیر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں سریبرینیکا پر بوسنیا اور ہرزیگوینا کی قرارداد کیلئے پاکستان کی حمایت کی بھی درخواست کی،صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان بوسنیا کی درخواست کا احسن طریقے سے جائزہ لے گا،  پاکستان 1995 کے سانحہ سریبرینیکا کے متاثرین کے ساتھ اظہار ِیکجہتی  کرتا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے سفیر نے صدر مملکت کو بوسنیا اور ہرزیگوینا کے دورے کی دعوت بھی دی ۔

ای پیپر دی نیشن