علامہ اقبال پاکستان اور دنیا کے درمیان پل کی حیثیت رکھتے ہیں:مشاہد حسین سید

لاہور(نیوز رپورٹر) سینیٹر مشاہد حسین سیّدنے کہا کہ علامہ اقبال پاکستان اور بیرونی دنیا کے درمیان پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وہ آج ایلاف کلب اور علامہ اقبال کونسل زیرِ اہتمام علامہ اقبال کی یاد میں منائی جانے والی تقریب سے خطاب کررہے تھے، جس میں تمام مکاتب فکر کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مشاہد حسین نے کہا فکر اقبال سے رہنمائی لیکر ہم اپنے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ سابق آئی جی اور علامہ اقبال کونسل کے چیئرمین ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کو کلامِ اقبال سے امید، حوصلے اور خودداری کا پیغام ملتا ہے۔ انکی نظمیں آٹھویں جماعت سے ایم اے تک نصاب میں شامل کی جائیں اور میڈیا پر خصوصی پروگرام نشر کئے جائیں۔ سابق سفیر جاوید حفیظ نے کہا کہ علامہ اقبال نے سینٹرل ایشیا اور مڈل ایسٹ کے پڑھے لکھے طبقے کو بہت متاثر کیا ہے۔ نمل یونیورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر حمیرا شہباز نے  ’اقبال کے فارسی کلام میں نوجوانوں کے نام پیغام‘  کے عنوان سے مکالہ پیش کیا ۔ آخر میں ایلاف کلب کے صدر سجاد افضل چیمہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض زینب جہاندار نے سر انجام دئیے۔

ای پیپر دی نیشن