ٹورنٹو(این این آئی)کینیڈا کی تاریخ میں ٹورانٹو کے پیئرسن ائیرپورٹ پر فلمی اسٹائل میں ہونے والی سونے اور کرنسی کی سب سے بڑی چوری میں ملوث ایک اور بھارتی نژاد شخص کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ سال زیورخ سے ایک فلائٹ سے 20 ملین ڈالر کا خالص سونا اور ڈھائی ملین ڈالرز کے غیر ملکی کرنسی کا کنٹینر ٹورانٹو پہنچا تو ائیرپورٹ کے اندر کارگو ہولڈنگ سے ٹرک پر لاد کر چوری کر لیا گیا تھا۔فلمی اسٹائل میں ہونے والی اس چوری کی تاریخی واردات میں ملوث ہونے کے الزام میں 36 سالہ آرچیت گروور نامی بھارتی نژاد کینیڈین شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس کا کہناتھا کہ انہوں نے آرچیت گروور کو ٹورنٹو ائیرپورٹ سے گرفتار کرکے اس پر فرد جرم عائد کردی جبکہ اس سے قبل اس کی گرفتاری کے لیے کینیڈا بھر میں وارنٹِ گرفتاری بھی جاری کئے تھے۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ آرچیت گروور پر 5 ہزار کینیڈین ڈالر کی چوری کا الزام ہے اور اس پر امریکہ میں بھی آتشی اسلحہ کیس میں ملوث ہونے پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔