کراچی (سٹاف رپورٹر) سابق نگراں وزیر اعظم اور سینیٹر انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ یہ وہ واحد گندم سکینڈل ہے جس میں آٹا مہنگا ہونے کی بجائے سستا ہوا، اس کے نتیجے میں خط غربت میں آنے والے 11کروڑ لوگوں کو سستا آٹا اور سستی روٹی ملی۔ انہوں نے کہا کہ مجھے حکومت کی جانب سے کسی قسم کے عہدے کی پیش کش نہیں ہوئی، یہ میڈیا کی حد تک ہے بس، میں، محسن نقوی اور فیصل واوڈا سینٹ میں آزاد ہیں، ہمیں مینڈیٹ ہمارے صوبائی ارکان نے دیا، ہم فیڈریشن کے نمائندے ہیں، نہ ہمارا ووٹر چھپا ہوا ہے، نہ ووٹر نامعلوم ہے نہ ایجنڈا نامعلوم ہے۔ گندم سکینڈل کے حوالے سے انہوں نے کہا جیسے جیسے وقت گزر رہا ہے عوام کو سمجھ آ رہا ہے کہ نہ گندم کا کوئی بحران ہے نہ یہ کوئی سکینڈل ہے، چائے کی پیالی میں طوفان اٹھانے کی کوشش کی گئی ہے۔