کراچی (کامرس رپورٹر) پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار حصص میں زبردست تیزی دیکھی گئی۔ جبکہ ٹریڈنگ کے دوران بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 74 ہزار کی حد عبور کرگیا۔ تفصیلات کے مطابق کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستان سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی اور انڈیکس ایک موقع پر 1028پوائنٹس بڑھ کر 74100کی سطح کو عبور بھی کر گیا تھا لیکن کاروبار کے اختتام پر منافع کے حصول کی خاطر ٹیلی کام اور سیمنٹ سیکٹر میں شیئرز کی فروخت نے تیزی کی شدت کو کم کیا۔ کاروبار میں تیزی کے باوجود پیر کو مارکیٹ میں کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 2.64فیصد کم رہا۔ مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں 80ارب 70کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہوا اور مجموعی سرمایہ 99کھرب روپے کی سطح کو بھی عبور کر گیا۔ عالمی مارکیٹ اور پاکستان میں گزشتہ روز سونے کی قیمت میں نمایاں کمی رہی۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کے بھاؤ 10ڈالر کی کمی سے 2349ڈالر رہ گئے جبکہ ملکی صرافہ مارکیٹوں میں پیر کو فی تولہ سونا 1200 روپے سستا ہوگیا جس کے بعد فی تولہ سونا 2 لاکھ 41 ہزار 300 روپے ہوگیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت 943 روپے کی کمی سے 2 لاکھ 7 ہزار 733 روپے رہ گئی ۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی کی قیمت 2650روپے پر مستحکم رہی۔ نئے کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹر بینک میں ڈالر کی قدر مستحکم رہی جبکہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 35 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 278.30 روپے پر برقرار رہی۔ اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر 35پیسے بڑھ کر 279.55روپے پر جا پہنچی۔
سٹاک مارکیٹ بلند ترین سطح پر، 74100پوائنٹس عبورکرگئی : تولہ سونا1200 روپے سستا
May 14, 2024