پشاور ( بیورو رپورٹ ) ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر اور ممتاز دفاعی تجزیہ کار سینیٹر جنرل ( ر ) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ پاکستان کی فوج اپنی ڈسپلن ، ٹریننگ ، جنگی سہولیات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے باعث دنیا کی آٹھویں بڑی فوج ہے اور یہ پاکستان کی سلامتی کی ضامن وہ قومی طاقت ہے جس میں نہ صرف یہ کہ تمام وفاقی اکائیوں کی نمائندگی موجود ہے بلکہ اس نے پاکستان اور اس کے مختلف قومیتوں ، صوبوں اور طبقوں کو بھی جوڑے رکھا ہے اس لیے اس قسم کے منفی اور جھوٹے پروپگنڈے میں کوئی حقیقت نہیں ہے کہ یہ کسی انتشار یا اندرونی اختلافات کا شکار ہوسکتی ہے ۔ ایف ایم سنو پختونخوا کے پروگرام " بولو پاکستان " میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج اپنی ڈسپلن ، میرٹ اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے باعث دنیا کی افواج میں ایک امتیازی حیثیت رکھتی ہے . انہوں نے کہا کہ ان تمام کوششوں کے پیچھے ایک مخصوص پارٹی اور بعض غیر ملکی پروپیگنڈا مہم کا ہاتھ ہے بدقسمتی کی بات یہ ہے کہ بعض سیاسی قائدین نے اپنی غلطیوں سے کچھ نہیں سیکھا اور وہ پاکستان کی فوج سمیت دیگر اہم اداروں کو متنازعہ بنانے کی ناکام مہم جوئی میں مصروف عمل ہیں ۔ تاہم ان کو یاد رکھنا چاہئے کہ پاکستان کی منظم فوج ان تمام کوششوں اور سازشوں کو ناکام بنانے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے اور پاکستان کی ترقی اور اس کے استحکام کا سفر کامیابی کے ساتھ جاری رہے گا ۔
پاک فوج ڈسپلن ، پیشہ ورانہ صلاحیت کے باعث دنیا کی افواج میں امتیازی‘عبدالقیوم
May 14, 2024