وطن کی فضائیں اور میدان امریکہ کے حوالے کرنے والے مشرف سے توقع نہیں کہ ایٹمی پروگرام کی معلومات نہ دی گئی ہوں : ڈاکٹر قدیر

Nov 14, 2009

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (سلمان غنی) قومی ہیرو ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے ایٹمی پروگرام کی نگہداشت کے حوالے سے پاک امریکہ مذاکرات سے لاعلمی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی پروگرام تو کیا کسی بھی معاملے میں کسی کمزور اور بہادر کے درمیان کسی قسم کا معاہدہ اور معاملہ کی کوئی وقعت نہیں ہوتی۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام پاکستان کی عزت‘ غیرت اور خودمختاری کا ثبوت ہے۔ اسکی حفاظت اور نگہداشت پاکستان کے 17کروڑ عوام اور متعلقہ ادارے کرینگے۔ یہ امریکہ اور ہمارے دشمنوں کو کیوں کھٹکتا ہے‘ یہ ڈھکی چھپی بات نہیں۔ امریکہ جیسے دوست کو تو پاکستان بھی کھٹکتا ہے‘ اسلام بھی کھٹکتا ہے اور پاکستان کا نیوکلیئر پروگرام بھی‘ لہٰذا دوست اور دشمن کی تمیز ہمیں خود کرنا ہے۔ نوائے وقت سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر قدیر خان نے کہا کہ ہمارا ایٹمی پروگرام ہر حوالے سے محفوظ‘ موثر اور فعال ہے البتہ مجھے توقع نہیں کہ امریکی محبت میں سرشار اور ملکی سلامتی کے معاملات تک سرنڈر کردینے والے جنرل پرویز مشرف کے دور میں امریکہ کو کوئی معلومات فراہم نہ کی ہوں جس سے انہیں اس حوالے سے کوئی اندازہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص اپنے اقتدار اور مفادات کیلئے پاکستان کی فضائیں اور میدان امریکی مفادات کیلئے سرنڈر کرسکتا ہو‘ اس سے کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ ہماری عزت‘ غیرت کی اس علامت پر اثرانداز ہونے میں کیا حیل و حجت کریگا۔ ڈاکٹر قدیر خان نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ پاکستان قربانیوں کی بنیاد پر وجود میں آیا ہے اور اسے گزند پہنچانے والے کبھی سرخرو نہیں ہوتے۔ میرا ساتھ کیا ہوا‘ کس نے کیا؟ مجھے اس سے غرض نہیں۔ میرا ضمیر مطمئن ہے کہ جو کچھ کیا وطن عزیز کیلئے کیا اور پاکستان کے 17 کروڑ عوام کی محبت میرے لئے کافی ہے۔
مزیدخبریں