مکہ مکرمہ (نمائندہ خصوصی) سعودی وزارت بلدیات و دیہی امور کے سیکرٹری حبیب زین العابدین نے کہا ہے کہ امسال داخلی حجاج پہلی بار مشاعر مقدسہ مونوریل سے منٰی سے عرفات پہنچیں گے۔ یہ سہولت ان عازمین حج کو حاصل نہیں ہو گی جو بغیر اجازت ناموں کے مقامات حج پہنچے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہر سے آنے والے صرف جی سی سی ممالک اور بری راستوں سے آنے والے عازمین ہی کو منٰی سے عرفات اور وہاں سے مزدلفہ اور منٰی کے لئے مونوریل کے ذریعے سفر کی سہولت حاصل ہو گی۔ حبیب زین العابدین نے بتایا کہ مونو ٹرین کے لئے عازمین کو مخصوص رنگ کے کڑے دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مونوریل کا تجربہ پہلی بار کیا جا رہا ہے اور ٹرین صرف پانچ دن چلے گی، 6 گھنٹے میں 5 لاکھ افراد مستفید ہوں گے۔ عرفات تا مزدلفہ کا سفر 7 منٹ میں طے ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ مونوریل کے لئے بھی خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔