اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے مسلم لیگ (ن)کے صدر نواز شریف نے ماہ رواں کے تیسرے ہفتے پارٹی کے چیدہ چیدہ رہنماوں کا مشاورتی اجلاس اسلام آباد میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں ”گو زرداری گو“ تحریک کو تیز تر کرنے کے بارے میں حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق لیگی قیادت تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سیاسی سرگرمیوں اور متوقع امیدواروں کی شمولیت کا جائزہ لے گی۔ نواز شریف خود ملکی سطح پر رابطہ عوام شروع کریں گے۔ ذرائع کے مطابق پارٹی کی کچن کیبنٹ کے ایک حالیہ اجلاس میں مختلف حلقہ ہائے نیابت میں متوقع امیدواروں کے بارے میں ہوم ورک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جن حلقوں میں مسلم لیگ(ن)کا کوئی امیدوار کامیاب نہیں ہوا ہے وہاں متوقع امیدواروں کو مسلم لیگ(ن) میں شمولیت کی ترغیب دی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف سے چودھری نثار علی خان کی لاہور میں حالیہ ملاقات میں قومی اسمبلی میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ قومی اسمبلی کے 36 ویں سیشن میں35 ویں سیشن کے مناظر دوبارہ دیکھنے میں آئیں گے۔ چودھری نثار علی خان کی قیادت میں مسلم لیگی ارکان ایوان کا سیاسی ٹمپریچر بڑھانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے اور ایوان میں گو زرداری گو کے نعروں کی گونج سنائی دیتی رہے گی۔