اسلام آباد، ژوہائی (سٹاف رپورٹر/آن لائن) چین میں سالانہ ائرشو اور خلائی نمائش منگل کو شروع ہو گئی جس میں نئے فوجی ڈرون ”ٹی لانگ“ اور مستقبل کے لڑاکا طیارے جے۔13 سٹیلتھ کے ماڈل کو بھی نمائش کیلئے پیش کیا گیا ہے جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ چین تیزی سے اپنی دفاعی عسکری صلاحیت کو ترقی دے رہا ہے۔ پاک فضائیہ اپنے تین جے ایف تھنڈر سیونٹین جہازوں کے ساتھ اس ائرشو میں شرکت کر رہی ہے۔ زوہائی ائرشو میں ایک سو سے زائد جہاز حصہ لے رہے ہیں۔ ہم عصر جنگی جہازوں میں جے ایف تھنڈر سیونٹین تھنڈر کو ایک نمایاں حیثیت حاصل ہے۔ جے ایف تھنڈر سیونٹین کی شکل میں پاک چین مشترکہ کاوش ایک کم قیمت، بہت طاقتور، ہمہ جہت جنگی جہاز ہے جوکہ حال اور مستقبل کی فضائی طاقت کے چیلنجز کو پورا کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس جہاز کا کاک پٹ مکمل شیشے کا بنا ہوا ہے۔ جے ایف، جے ایف تھنڈر سیونٹین کی پاک فضائیہ کے دو فائٹر سکواڈرنز میں شمولیت سے اس کی جنگی صلاحیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ پاکستان ایرو ناٹیکل کمپلیکس کامرہ ان جہازوںکی بڑے پیمانے پر تیاری میں کوشاں ہے۔