قاہرہ، ماسکو/ نوائے وقت رپورٹ/اے ایف پی+ نیوز ایجنسیاں) عرب لیگ‘ امریکہ اور فرانس نے شام کے حزب اختلاف ”قومی اتحاد“ کو عوام کا نمائندہ تسلیم کر لیا۔ عرب لیگ کا کہنا ہے کہ دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی قومی اتحاد میں شامل ہوں تاکہ تمام طبقوں کی نمائندگی ہو۔ 6 خلیجی ممالک نے بھی شامی اپوزیشن کے بلاک کو تسلیم کر لیا ہے۔ امریکہ، مغربی ممالک اور ترکی نے اس اتحاد کو سراہا ہے۔ شامی فضائیہ کے طیاروں نے ترک سرحد کے قریب قیوراس العین کے علاقے میں باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کی۔ روس نے کہا غیر ملکی سفارتکاروں کو شام چھوڑنے کا الٹی میٹم ناقابل قبول ہے۔ باغیوں نے 48 ایرانی زائرین کو رہا کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ایران شام کے حوالے سے ٹوکیو کانفرنس میں شرکت نہیں کرے گا۔ ادھر شامی اپوزیشن اتحاد کے سربراہ احمد معاذ الخطیب نے عالمی قوتوں پر زور دیا وہ ہمیں جدید ہتھیار فراہم کریں۔
عرب لیگ ‘ امریکہ اور فرانس نے شامی اپوزیشن کے ”قومی اتحاد “ کو تسلیم کر لیا
Nov 14, 2012