اسٹیبلشمنٹ کراچی میں بڑھتی ہوئی طالبانائزیشن کو کنٹرول کرے: وسیم اختر

اسلام آباد (وقت نیوز) متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما وسیم اختر کا کہنا ہے کہ کراچی میں بڑھتی ہوئی طالبانائزیشن کو اسٹیبلشمنٹ کنٹرول کرے۔ سلمان تاثیر کے قاتل کو ہیرو بنا کر پیش کرنے سے صورتحال بہتر نہیں خراب ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وقت نیوز کے پروگرام ٹو نائٹ ود فہد حسین میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروگرام میں پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے بھی شرکت کی۔ وسیم اختر کا کہنا تھا کہ ایجنسیوں کی غلط پالیسیوں اور اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کی وجہ سے کراچی کی آج یہ صورتحال ہے۔ کراچی میں پولیس کی تعداد بہت کم ہے وہ بھی جرائم ہونے کے گھنٹوں بعد پہنچتی ہے۔ کئی واقعات میں براہ راست آئی ایس آئی سے مدد لی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پولیس کا سربراہ اور خفیہ اداروں کے عہدیدار اسلام آباد سے آتے ہیں اس لئے وہ اسے اپنا گھر نہیں سمجھتے۔ اگر کراچی میں مقامی اور اہل افراد کو عہدوں پر لگایا جائے اور ان کی تنخواہیں بڑھائی جائیں تو رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی شازیہ مری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں امن بہت بڑا مسئلہ بن چکا ہے کوئی صوبہ یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہاں جرائم نہیں کراچی میں فوج کو تعینات کرنے سے کراچی کے حالات بہتر نہیں ہوںگے۔ ہم کراچی کے حالات بہتر کرنے کی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں۔ کراچی میں سب سے زیادہ قربانیاں پیپلز پارٹی نے دیں۔ 500 کارکن شہید ہوئے۔ حالات بہتر کرنا تنہا پیپلز پارٹی کی ذمے داری نہیں۔

ای پیپر دی نیشن