لاہو ر ( کامرس رپورٹر) حکومت پنجاب نے رواں مالی سال2013-14 کے دوران صوبائی محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے17 ویں خصوصی اجلاس میں 8ترقیاتی سکیموں کو مکمل کرنے کے لیے مجموعی طور پر 11ارب 82کروڑ 24لاکھ 31ہزار روپے کی منظوری دی ہے ۔ صوبائی ڈویلپمنٹ فورم کے اجلاس کی صدارت چیئر مین پلاننگ ایند ڈویلپمنٹ پنجاب محمد عرفان الٰہی نے کی جبکہ صوبائی سیکریٹری پی اینڈ ڈی عارف انور بلوچ سمیت دیگر متعلقہ صوبائی محکمہ جات کے اعلی افسران اور پنجاب پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے ممبران نے شرکت کی ۔صوبائی ورکنگ پارٹی کے 17 ویں اجلاس میں جن 8 ترقیاتی منصوبہ جات کی منظوری دی گئی ان میں پنجاب میں ایلیمنٹری ٹیچرز ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز کی استعداد بڑھانے کے لیے 3 ارب 13کروڑ 77 لاکھ52 ہزار روپے ، پنجاب لٹرایسی موومنٹ پراجیکٹ کے لیے 1 ارب 82کروڑ 43 لاکھ 69 ہزار روپے،ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال سرگودھا کی بہتری اور تعمیر و مرمت 1 ارب 3کروڑ 54 لاکھ43 ہزار روپے، بی آر بی نہر لاہور سے داخل ہونے والے پانی کو ٹریٹ کرنے کے لیے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر کے لیے فزیبلٹی سٹڈی ( PC-II ) 1 کروڑ روپے، آزادی چوک لاہور کے مقام پر سگنل فری جنکشنز کی تعمیر 3 ارب 83کروڑ 43 لاکھ 64 ہزار روپے،نیو آزادی چوک سے مستی گیٹ سے سرکولر روڈ کی طرف متبادل روٹ کی تعمیر 1 ارب 83 کروڑ41 لاکھ 53 ہزار روپے،صوبہ پنجاب میںبائیو ماس پاور جنریشن کی فزیبلٹی سٹڈی کے لیے مختصر مدت کے کنسلٹنٹ کی مشغولیت(PC-II ) کے لیے 61 لاکھ 50 ہزار روپے اور منصوبوں کی فزیبلٹی سٹڈی (PC-II ) پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کی بنیاد پر جن میں ریلوے کراسنگ ڈیفنس روڈ پر واقع فلائی اوور کی تعمیر26 کروڑ 90 ہزار روپے ، شاہدرہ سے کالاشاہ کاکو تک جی ٹی روڈ ایکسپریس وے کی تعمیر 86 کروڑ 80 لاکھ روپے اور سدرن بائی پاس لاہور کی تعمیر کے لیے 26 کروڑ 50 ہزار روپے شامل ہیں۔