کراچی (آن لائن) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سینئر وزیر خیبر پی کے سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک و قوم کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ امریکہ کی افغانستان میں جار حیت اور حکمرانوں کی مفاد پرستانہ پالیسیوں کی وجہ سے آج نہ صرف وطن عزیز میدان جنگ بلکہ پورا خطہ بد امنی کی آگ میں جل رہا ہے، خطے میں دہشت گردی کے خاتمے، ملکی استحکام اور پائیدار قیام امن کیلئے ڈورن حملے بند اور مذاکرات واحد حل ہیں۔ جماعت اسلامی ایک آئینی، جمہوری اور پرامن جدوجہد کے ذریعے تبدیلی پر یقین رکھنے والی جماعت ہے۔ ہم ملک و قوم کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گلبرگ فیڈرل بی ایریا میں عمائدین سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، نائب امیر راشد نسیم، قیم حلقہ کراچی محمد عبدالوہاب بھی موجود تھے۔
ملک و قوم کو امریکی غلامی سے نجات دلانے کی جدوجہد جاری رکھیں گے: سراج الحق
Nov 14, 2013