سیکورٹی ادارے یوم عاشور پر چوکس رہیں۔ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے، شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے پولیس اور متعلقہ ادارے اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیں اور یوم عاشور کے موقع پر پوری طرح چوکس رہیں۔ قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے، موجودہ صورتحال میں کسی بھی غفلت کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ محرم الحرام کے دوران پر امن فضا کے قیام کے لئے جو کچھ بھی انسانی بس میں تھا وہ سب کچھ کیا گیا ہے۔ ا نشاء اﷲ ان کاوشوں کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ وہ گزشتہ روز یوم عاشور کے موقع پر سیکورٹی انتظامات کے لئے وضع کردہ پلان پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالے سے صوبے کے 9ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران کے اجلاس سے ویڈیو کانفرنس کے ذریعے خطاب کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے ویڈیو کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے گئے ہیں۔ پولیس کو مطلوبہ وسائل بھی فراہم کئے گئے ہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر پاکستانی بھی امن و امان کے قیام کے لئے اپنی قومی ذمہ داری پوری کرے اور حکومتی اداروں سے تعاون کرے۔ پولیس افسران کو پہلے ہی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں سیکورٹی پلان پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر یقینی بنائیں اور خود اپنے علاقوں میں موجود رہیں اور سپاٹ چیکنگ کریں، قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے اور جہاں کئی بھی قانون کی خلاف ورزی ہو اور قانون کو ہاتھ میں لیا جائے وہاں قانون فوری حرکت میں آئے اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بلا تفریق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جلوس کے راستے میں کو ئی دکان اور رکاوٹ نہیں ہونی چاہئے، جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مانیٹرنگ کی جائے ا ور روشنی کا بھی بہترین انتظام کیا جائے۔ لاہور، شیخوپورہ  اور راولپنڈی میں ڈینگی کی ڈیوٹی پر تعینات عملہ بد ستو ر اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز ترکی کے بین الاقوامی ادارے البراک گروپ آف کمپنیز کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد البراک کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ہائوسنگ کے شعبے، نہر پر مونو ریل چلانے کے مجوزہ منصوبے اور میٹرو ٹرین کے پراجیکٹ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے ترک وفد کے ارکان سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تاریخی برادرانہ تعلقات مفید معاشی دوستی میں بدل چکے ہیں اور آنے والے وقت میں دونوں ملکوں کے مابین معاشی اور تجارتی تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔ ترکش ائیرلائن کی جانب سے پاکستان میں آپریشن کا آغاز کرنا ایک خوش آئند پیش رفت ہے اور ترکش ائیرلائن کے پاکستان میں آپریشن شروع ہونے سے معاشی تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ ترکش ائیرلائن کی پہلی پرواز رواں ماہ لاہور آئے گی۔ ترکی کے تعاون سے لاہور سمیت مختلف شہروں میں کئی منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں۔ میٹرو بس پراجیکٹ پاک ترک دوستی کی شاندار مثال ہے۔ پنجاب حکومت میٹرو بس پراجیکٹ کا دائرہ کار مزید بڑے شہرو ںتک پھیلانا چاہتی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس شاندار بس سروس سے استفادہ کرسکیں۔پنجاب حکومت لاہور میں میٹرو بس پراجیکٹ کو مزید توسیع دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ میٹرو بسوں پر روزانہ ڈیڑھ لاکھ مسافر سفر کر رہے ہیں اور اس کا کرایہ صرف 20 روپے رکھا گیا ہے تاکہ کم آمدن والے طبقات کو سہولت میسر ہو۔ نہر پر مونوریل چلانے کے حوالے سے ابتدائی کام کا آغاز کر دیاگیا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ ترک گروپ آف کمپنیز البراک نہر پر مونو ریل کے منصوبے پر عملدرآمد کے حوالے سے تعاون فراہم کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہائوسنگ کے شعبہ میں کم لاگت سے گھرو ںکی تعمیر کے حوالے سے ترک کمپنی البراک کو ہر قسم کی سہولتیں دیں گے۔ البراک گروپ آف کمپنیز کے چیئرمین احمت البراک نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ ان کا گروپ پنجاب حکومت کے ساتھ ہائوسنگ کے شعبے، میٹرو ٹرین اور نہر پر مونوریل چلانے کے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے ہرممکن تعاون فراہم کرے گا اور ہم پاکستان میں منصوبوں پر کام کرنے کے ساتھ ٹیکنالوجی بھی منتقل کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکش ائیرلائن کی جانب سے استنبول اور لاہور کے درمیان پروازیں شروع ہونے سے دونوں ملکوں کے تعلقات کو فروغ ملے گا۔ دریں اثناء شہباز شریف سے کورکمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاک فوج کی پیشہ وارانہ سرگرمیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ 

ای پیپر دی نیشن