لاہور ائر پورٹ پر شائقین نے مصباح الحق اور انکی اہلیہ کا گھیرائو کرلیا، جملے کستے رہے

لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا ہے کہ مشکل حالات میں بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں، جنوبی افریقہ میں ہونیوالی سیریز کیلئے پوری طرح تیار ہوں۔ امارات سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز مکمل کرنے کے بعد وطن واپسی اور بعدازاں قذافی سٹیڈیم میں نگران چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی کے ساتھ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور کپتان اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقہ سے سر انجام دے رہا ہوں، تنقید سے نہیں ڈرتا۔ سال میں 1700 رنز کرنے کے باوجود ان پر ٹیم کیلئے کھیلنے کے بجائے انفرادی کھیل کھیلنے کا الزام لگانا ٹھیک نہیں۔ جونیئر تو جونیئر سینئر کھلاڑیوں نے بھی جیسا کھیل کھیلا وہ سب نے دیکھا، انکا کہنا تھا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف ون ڈے سیریز میں بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی۔ ان کا کہنا تھا کہ شیر ہمیشہ میدان میں رہتے ہوئے لڑتا ہے اگر کوئی مجھے میدان میں مقابلے کے بعد بھی گیڈر کہے تو میں گیڈر ہی ہوں۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ ٹیم میں موجود کھلاڑیوں سے وابستہ توقعات پوری نہیں ہوئیں، ہر کھلاڑی کو کھیلنے کا موقع ملا مگرصرف صہیب مقصود نے دوسروں کی نسبت بہتر کارکردگی دکھائی۔ انکا کہنا تھا کہ قذافی سٹیڈیم میں چیئرمین کرکٹ بورڈ سے ملاقات ہوئی جس میں جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز کے حوالہ سے جنرل باتیں ہوئی ٹیم کی سلیکشن کے حوالہ سے کوئی بات نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی فتح میں کسی ایک کھلاڑی کا کردار نہیں ہوتا، ٹیم ورک سے ہی میچ جیتا جاتا ہے، افسوس کی بات ہے کہ ہماری باولنگ لائن کو بیٹنگ کے شعبے سے مدد نہیں ملی۔ مصباح الحق کا کہنا تھا کہ دورہ جنوبی افریقہ کیلئے ٹیم کی سلیکشن کے حوالہ سے کوئی حکمت عملی نہیں اپنائی، موجودہ سکواڈ کو ہی بہتر کرنے کی کوشش کریں گے۔ اگر ہم ٹیم میں تبدیلوں کے بارے سوچیں تو ہر میچ کے بعد 11 کھلاڑی نئے ہونگے۔ دورہ جنوبی افریقہ کے حوالے سے ٹیم کے کسی بھی کھلاڑی کو تخفظات نہیں، جیتنے کیلئے بیٹنگ لائن کو مضبوط بنانا ہوگا۔ قبل ازیں وطن واپس پہنچنے پر مصباح الحق ائرپورٹ پرمنچلوں کے نرغے میں آ گئے۔ شائقین کرکٹ مختلف جملے کستے رہے جبکہ ائر پورٹ انہیں لینے آنے والی انکی بیگم کا راستہ بھی روک لیا۔ وہاب ریاض تیور دیکھ کر خاموشی سے بیگم کے ساتھ گھر روانہ ہو گئے۔ اس موقع پر کئی افراد نے کہا کہ ٹیم کی شکست کا ذمہ دار مصباح نہیں وہ کھلاڑی ہیں جنہوں نے کوئی پرفارمنس نہیں دی۔ چیئرمین نجم سیٹھی کی جانب سے آرام کے مشورے کی خبر نے کھیل کے حلقوں میں ہنگامہ برپا کر دیا اور چیئرمین پی سی بی کو وضاحت کرنا پڑی کہ انہوں نے مصباح الحق کو آرام کا مشورہ نہیں دیا۔

ای پیپر دی نیشن