واشنگٹن (آئی این پی + نمائندہ خصوصی) امریکہ نے نوازشریف حکومت کی توانائی پالیسی کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے توانائی کے بحران سے نمٹنے کیلئے ذخائر سے اور پیداوار میں بھرپور تکنیکی تعاون کی یقین دہانی کرادی۔ بدھ کو دو روزہ پاکستان امریکہ انرجی ورکنگ گروپ کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ ورکنگ گروپ کے دو روزہ اجلاس میں پاکستانی وفد وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف کی قیادت میں شریک ہوا۔ پاکستانی وفد میں وزیر اعظم کے مشیر توانائی مصدق ملک اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔ امریکی وفد کی قیادت امریکی نمائندہ خصوصی بین الاقوامی توانائی امور کارلوس پاسکل نے کی۔ دو روزہ اجلاس کے اختتام پر جاری اعلامیہ کے مطابق ورکنگ گروپ کے اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران طے پانے والے امور، پاکستان کی توانائی کی ضروریات، پن بجلی منصوبوں، توانائی کے متبادل ذرائع، قدرتی گیس کے ذخائر کی تلاش کیلئے بیرونی سر مایہ کاری کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے بریفنگ کے دوران امریکہ پر گیس کی تلاش میں سر مایہ کاری پر زور دیا۔ کارلوس پاسکل نے پاکستان میں گیس کی تلاش، ایل این جی اور قدرتی گیس کی پیداوار کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے اجلاس میں امریکہ کی جانب سے پاکستان کی توانائی پالیسی اور نجکاری کے منصوبے کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر امریکی نمائندہ خصوصی کارلوس پاسکل نے یقین دہانی کرائی کہ امریکہ 2015ء تک بجلی کی دو تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری میں پاکستان کی بھرپور مالی امداد کریگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کی توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات سے آگاہ ہے اور اس سلسلے میں بیشتر منصوبوں خاص طور پر بجلی کے منصوبوں پر تعاون بھی کر رہا ہے جسے مستقبل میں مزید بڑھایا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکہ کی مدد سے پاکستان کے برقی نظام میں 2009ء سے اب تک ایک ہزار میگاواٹ بجلی شامل ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کو گاروکیٹی بند رونڈ کوریڈور سے 50 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کے منصوبے کیلئے 95 لاکھ ڈالرز قرضے کی فراہمی کیلئے بات چیت جاری ہے۔ پاکستانی وفد نے امریکی وزیر توانائی ایزسیٹ مونیز سے بھی ملاقات کی جس میں توانائی کے مختلف منصوبوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پاکستان کو گیس کی تلاش اور پیداوار بڑھانے کیلئے تکنیکی تعاون فراہم کیا جائیگا اور پاکستان کے تجارتی وفد کی اگلے ہفتے میں امریکی کمپنیوں سے ملاقات کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ امریکی حکام کے مطابق گیس کے نئے ذخائر تلاش کرنے کے ساتھ پہلے سے موجود ذخائر کی پیداوار بڑھانے میں بھی تعاون کیا جائیگا۔
پاکستان میں گیس کے ذخائر کی تلاش۔ بجلی کمپنیوں کی نجکاری میں امداد کریںگے۔ امریکہ
Nov 14, 2013