لاہور (این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیو واٹمور نے کہا ہے کہ پاکستانی لوگ بہت محبت کرنے والے ہیں،دنیا بھر کی ٹیموں کو پاکستان آنا چاہئے دنیا میں پاکستان کا تاثر حقائق کے برعکس ہے، مجھے پاکستان میں کہیں بھی سکیورٹی کا مسئلہ در پیش نہیں آیا، پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں، معاہدے کے اختتام پر مزید کوچنگ نہ کرنے کے بارے پی سی بی کو گزشتہ ماہ آگاہ کردیا تھا۔گھر والوں کو وقت دینا چاہتا ہوں، کوشش ہے آسٹریلیا میں ہی کوچنگ کروں۔ غیر ملکی خبررساں ادارے سے گفتگوکرتے ہوئے ڈیو واٹمور نے کہا کہ پاکستان کا کرکٹ کلچر خطے کے علاوہ دنیا بھر سے مختلف ہے، پاکستان میں کوچنگ بہت مشکل کام ہے۔ پی سی بی حکام نے بھرپور تعاون کیا جس پر ان کا شکرگزار ہوں۔ دوسال کے دوران پاکستان میں کہیں بھی سکیورٹی کا مسئلہ درپیش نہیں آیا، دنیا بھر کی ٹیموں کو پاکستان آنا چاہئے، دنیا میں پاکستان کا تاثر حقائق کے برعکس ہے، پاکستانی لوگ انتہائی محبت کرنے والے ہیں۔پاکستان میں باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں لیکن کمزور سسٹم اور ڈومیسٹک ڈھانچے میں دور حاضر کی ضروریات کے مطابق تبدیلیاں نہ کرنے کے باعث پاکستان کرکٹ بہت پیچھے رہ گئی ہے۔