اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے 30 نومبر کے تاریخی جلسے سے خوفزدہ ہوکر منفی پروپیگنڈا کرنا شروع کر دیا ہے، مجھ سمیت خیبر پی کے وزیراعلی پرویزخٹک اور دیگر پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے ورانٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔ حکومت پی ٹی وی حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے ملوث ہونے کا ثبوت پیش کرے سیاست چھوڑدوں گا، پی ٹی وی حملہ فکسڈ تھا، سانحہ ماڈل ٹائون میں پی اے ٹی کے 14 کارکنوں کو قتل کیا گیا اور سینکڑوں کارکن زخمی ہوئے لیکن کسی کیخلاف کارروائی نہیں ہوئی اور نہ ہی سانحہ میں ملوث لوگوں کے وارنٹ جاری ہوئے۔ آزادی دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پی ٹی وی حملہ کیس میں پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ ن اور پی پی پی ایک دوسرے کی سیاست اور جمہوریت کو بچا رہے ہیں ۔ دونوں پارٹیاں مک مکا کی پالیسی پر چل رہی ہیں ۔ دونوں پارٹیوں کے رہنمائوں نے اربوں روپے کی کرپشن کی لیکن کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ عمران خان نے کہا پی ٹی آئی کے30 نومبر کے جلسے میں بیرون ملک پاکستانی ہزاروں کی تعداد میں شرکت کرنے کے لیے آرہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے جلسے میں آنے والی خواتین پر فضل الرحمان اور عاصمہ جہانگیر تنقید کررہی ہیں ۔ پی ٹی آئی مولانا کے خلاف کوئی ذاتی کارروائی نہیں کرے گی لیکن پی ٹی آئی کی خواتین پر ہونے والی تنقید کو برداشت نہیں کرے گی۔ مسلم لیگ ن کے وزیر خزانہ اسحاق ڈار وزیراعظم نواز شریف کیخلاف منی لانڈرنگ کیس میں خود گواہی دے چکے ہیں جو پوری قوم کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا 30 نومبر کی کال حکومت کے لیے مشکلات پید ا کرے گی۔ مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کے حلقوں میں تصدیق نہ کروائی تو حکومت کے لیے وقت گزارنا مشکل ہو جائے گا۔ حکومت نے مذاکرات نہیں کئے بلکہ مذاق رات کئے۔ حکومت کی دھمکیوں سے ڈرنے والے نہیں اور نہ ہی گرفتاریوں سے خوفزدہ ہیں۔ پی ٹی وی کا مقدمہ ایسا ہے جیسے مجھ پر بھینس چوری کا الزام لگایا گیا ہو۔ حکمران تگڑے ہوتے تو بھینس چوری کا الزام نہ لگاتے۔ 30نومبر کے بعد جو بھی ہوا پرامن ہو گا۔ جیل بھی چلا جائوں تو 30 نومبر کو انسانوں کا سمندر نکلے گا۔ جمہوریت کے لئے نواز شریف اور آصف زرداری اکھٹے ہیں۔ میاں صاحب جیل کچھ بھی نہیں آخری دم تک آپ کا مقابلہ کروں گا۔ عاصمہ جہانگیر پی ٹی آئی کو دیکھ کر ڈر جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے الیکشن کمشن آف پاکستان مرکزی آفس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ رکن قومی اسمبلی ساجد نواز خان پی ٹی آئی رہنما نعیم خان اور سینکڑوں پی ٹی آئی کے ورکروں نے شرکت کی اور الیکشن کمشن کے ارکان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا۔ تحریک انصاف کی جانب سے فیصل آباد میں 23نومبر کو ہونے والا جلسہ منسوخ کر دیا گیا جبکہ گوجرانوالہ میں 13 نومبر کو اعلان شدہ جلسہ اب 23 نومبر کو ہو گا۔