اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان نے زمین سے زمین پر درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے کے بیلسٹک میزائل شاہین دوم کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ اس میزائل کا فوجی نام حتف ششم ہے۔ شاہین دوم ڈیڑھ ہزار کلومیٹر تک ایٹمی اور روایتی وار ہیڈز کے ساتھ اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق میزائل داغنے کا یہ کامیاب مظاہرہ آرمی سٹریٹجک فورسز کمان کی زمینی تربیتی مشقوں کا حصہ ہے جس کا مقصد ایک سٹریٹجک میزائل گروپ کی آپریشنل تیاریوں کو یقینی بنانے کے علاوہ ہتھیاروں کے اس نظام کے مختلف ڈیزائن اور تکنیکی پیرا میٹرز کی از سر نو تصدیق تھا۔ میزائل کا ہدف بحیرہ عرب میں تھا جسے میزائل نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔ نشانہ 100 فیصد درست تھا۔ ڈی جی سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹننٹ جنرل زبیر محمود حیات، کمانڈر آرمی سٹریٹجک فورس کمانڈ لیفٹننٹ جنرل عبیداللہ، چیئرمین نیسکام محمد عرفان برنی اور سٹریٹجک فورسز سے تعلق رکھنے والے سینیئر حکام، سائنسدانوں اور انجینیئرز نے یہ تجربہ دیکھا۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی سٹریٹجک پلانز ڈویژن لیفٹننٹ جنرل محمد زبیر محمود حیات نے کم سے کم قابل اعتماد ڈیٹرنس کے بھرپور حصول اور اسے پختہ بنانے کے لئے ایک اور سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے آرمی سٹریٹجک کمان فورس کی آپریشنل تیاریوں کو سراہا جس نے شاہین دوم میزائل ویپن سسٹم کے کامیاب تجربہ کو یقینی بنایا۔ انہوں نے موجودہ کمان اینڈ کنٹرول سسٹم پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جس کے کسی کے خلاف کوئی جارحانہ عزائم نہیں ہیں۔ پاکستان کی سٹریٹجک فورسز کسی بھی جارحیت کے خلاف ملک کی سلامتی کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ شاہین ٹو کے کامیاب تجربے پر صدر ممنون حسین، وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف سمیت عسکری قیات نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی اور پاک فوج کے اقدامات کو سراہا۔
1500 کلومیٹر تک مار کرنے والے شاہین ٹو‘ حتف۔ 6‘ ایٹمی میزائل کا کامیاب تجربہ
Nov 14, 2014