کراچی(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل سابق اولمپئن رانا مجاہد علی نے کہا ہے کہ مالی مشکلات اورویزے کے مسائل کی وجہ سے پاکستانی ہاکی ٹیم کوریا کے دورے سے دستبردار ہوگئی ہے۔ قومی ٹیم اب براہ راست کراچی سے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے بھارت روانہ ہوگی۔ وہ ہاکی کلب آف پاکستان سٹیڈیم قومی ٹیم کے سلیکشن ٹرائل کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ رانا مجاہد علی نے بتایا کہ اس حوالے کی دعوت ہمیں کورین ہاکی نے دی تھی تاہم ہمارے لئے یہ ممکن نہ ہوسکا۔ ہمارے لئے اصل اہمیت چیمپئنز ٹرافی کی ہے اورہماری تمام تر فوکس چیمپئنز ٹرافی کی تیاری پرہوگی۔ اس لئے فیڈریشن نے فیصلہ کیا ہے کہ کوریا جانے کے بجائے کراچی میں قومی کیمپ پر توجہ رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کو مالی بحران کا سامنا ہے ایک تو وجہ مالی مسئلہ جبکہ ویزے کے حصول میں مشکلات کی وجہ سے فیڈریشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد کوریا کا دورہ کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کورین ہاکی کو ہم نے اپنے فیصلے سے آگاہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورین ہاکی نے ہمیں پانچ میچز کیلئے جوشیڈول دیا تھا اس پر عملدرآمد ہمارے لئے ممکن نہیں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم وزیراعظم سے ملاقات کرے گی۔
پاکستانی ہاکی ٹیم دورہ کوریا سے دستبردار
Nov 14, 2014