لاہور (سیف اللہ سپرا) پاکستان فلم انڈسٹری کے لیجنڈ اداکار او رفلمساز حبیب نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری تباہ نہیں ہوئی بلکہ اسے تباہ کیا گیا ہے۔ میں ناامید نہیں ہوں، پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور اس ٹیلنٹ کے صحیح استعمال سے فلم انڈسٹری کا دوبارہ احیا ممکن ہے بشرطیکہ حکومت بدل دی جائے۔ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن نے باریاں لگائی ہوئی ہیں وہ دونوں پارٹیاں فلم انڈسٹری سمیت کسی انڈسٹری کے حق میں نہیں۔ ان حکمرانوں سے جس قدر جلد چھٹکارا حاصل کر لیا جائے بہتر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نمائندہ نوائے وقت سے گفتگو کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں عمران خان واحد سیاستدان ہیں جو ملک کو بحرانوں سے نکال سکتے ہیں۔ اگر عمران خان برسراقتدار آ جائیں تو فلم انڈسٹری سمیت پورے ملک کے حالات بہتر ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے 600 فلموں میں اداکاری کی ہے اور 7 فلمیں پروڈیوس کی ہیں۔ آج یہ حالات ہیں پورے سال میں نصف درجن کے قریب فلمیں بنتی ہیں۔ یہ صورتحال دیکھ کر مجھے بہت دکھ ہوتا ہے۔