لاہور( اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے بھلوال سرگودھا سے مسلم لیگ ن کے جنرل کونسلر کو دو شناختی کارڈ رکھنے پر نااہل قرار دے دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس فرخ عرفان خان نے اعظم چوہان ایڈووکیٹ کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ یوسی 7 سے احمد رضا جنرل کونسلر منتخب ہوئے ہیں، احمد رضاکے دوشناختی کارڈز ہیں اور انہوں نے ووٹرز لسٹوں میں بھی دوہرا اندراج کرا رکھا ہے، دوشناختی کارڈز رکھنا نادرا ایکٹ کے تحت جرم اور الیکشن رولز کی خلاف ورزی ہے، عدالت نے قرار دیا کہ دوشناختی کارڈز رکھ کر دوہرا فائدہ اٹھایا جا رہا ہے، ہم ملک کو کس طرف لے کر جا رہے ہیں، قانون کی خلاف ورزی کسی صورت بھی برداشت نہیں کی جائے گی،احمد رضا کے وکیل نے کہا اس کے موکل کے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں۔