لاہور + راولپنڈی (آن لائن) لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں بجلی کی طلب میں کمی آنے کے باوجود لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ شہری آبادی میں 3 جبکہ دیہی آبادی میں پہلے سے موجود ٹائم میں6 گھنٹے کے اضافہ کا انکشاف ہوا ہے۔ جس کی بڑی وجہ بجلی کی پیداوار میں مزید کمی بتائی جا رہی ہے۔ پیداوار کم ہوکر 9500 رہ گئی۔ بجلی کی پیداوار میں کمی کی بنیادی وجہ پن بجلی کی پیداوار کم ہونا ہے تاہم یہ کم ہو کر 13ہزار میگا واٹ رہ گئی جس کی وجہ سے شارٹ فال ساڑھے تین ہزار میگاواٹ رہا۔ علاوہ ازیں راولپنڈی میں موسم سرما کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی مختلف علاقوں میں گیس پریشر میں کمی سے عوام کو شدید مشکلات درپیش ہیں۔ گھر کا چولہا جلانے کیلئے شہریوںکی بڑی تعداد نے سلنڈروں کا استعمال شروع کردیا جبکہ کمپریسر کا استعمال بھی بڑھ گیا ہے۔ گیس کی سپلائی تعطل کا شکار ہونے سے سکول و کالج جانے والے طلبہ و طالبات سمیت دفاتر جانے والے افراد ناشتے سے محروم ہونے لگے اور کئی شہری ناشتہ بازار سے خریدنے پر مجبور ہوگئے۔ ادھر بہاولپور میں بھی گیس کی شدید قلت رہی۔
بجلی کی طلب میں کمی کے باوجود لوڈشیڈنگ میں اضافہ‘ لوگوں کو مشکلات کا سامنا
Nov 14, 2015