اقتصادی راہداری کا خواب حقیقت بن گیا آئندہ نسلیں بھی چینی فراخدلی کو فراموش نہیں نہیں کرپائیں گی شہبازشریف

Nov 14, 2016

لاہور (خبر نگار) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور(سی پیک) کے تحت گوادر بندرگاہ سے پہلے تجارتی قافلے کی روانگی کے تاریخی موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن پاک چین دوستی کے حوالے سے ایک عظیم دن ہے ۔گوادر بندرگاہ سے پہلے تجارتی قافلے کی روانگی سے پاکستان اور چین کی تاریخی دوستی کے عظیم سفر کا ایک اور سنگ میل عبور کیا گیا ہے اور آجگیم چینجر پاک چین اقتصادی راہداری کا خواب حقیقت بن گیا ہے اور آج ایک نئی تاریخ رقم ہوئی ہے جس کا خواب 20کروڑ پاکستانی عوام نے دیکھا تھا۔ وزیراعلیٰ نے چین کے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی کی چیانگ، کیمونسٹ پارٹی آف چائنہ کی قیادت اور چینی عوام کو بھی تاریخی دن کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ گوادر بندرگاہ سے تجارتی بحری جہازوں کی روانگی پاک چین دوستی کی ایک اور زندہ و تابندہ مثال ہے اور پاکستانی قوم اس ضمن میں چین کے بے پایاں تعاون کی شکرگزار ہے۔ پاکستان کے 20کروڑ عوام چین کے صدر کی جانب سے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے عظیم الشان سرمایہ کاری پیکیج کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پنجاب سمیت پاکستان بھر میں منصوبوں پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور چین کا یہ تاریخ ساز سرمایہ کاری پیکیج پاک چین معاشی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے منصوبوں سے پاکستان ہی نہیں بلکہ خطے کے دیگر ممالک بھی استفادہ کریںگے اورخطے میں معاشی و تجارتی سرگرمیاں فروغ پائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین انمٹ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ پاکستان اور چین کی دوستی شہد سے میٹھی، ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہری اور فولاد سے زیادہ مضبوط ہے اور آج گوادربندرگاہ سے تجارتی قافلوں کی روانگی سے اس بات پر ایک بار پھر مہر تصدیق ثبت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کی تقدیر بدلنے کیلئے تاریخ ساز اقتصادی پیکیج دیا ہے، جس پر پوری پاکستانی قوم چینی قیادت اور عوام کی ممنون ہے۔ ہماری آئندہ نسلیں بھی چین کی اس فراخدلی، مشکل وقت میں ہاتھ تھامنے اور اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کو کبھی فراموش نہیں کرپائیں گی۔ چین پاکستان کا ایک ایسا مخلص اور بااعتماد دوست ہے جومصیبت کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا۔ سی پیک کے عظیم اور تاریخی منصوبے سے ہمارے دوست بے پناہ خوش ہیں جبکہ دشمن کو ترقی و خوشحالی کے اس عظیم پیکیج پربہت تکلیف ہے لیکن پاکستانی قوم اتحاد اور اتفاق کی قوت سے سی پیک کیخلاف دشمن کی سازش کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے سفر کی یہ عظیم شروعات ہے اور ترقی اور خوشحالی کے طویل سفر کا یہ نقطہ آغاز ہے۔ سی پیک سے پاکستان سمیت پورے خطے کی قسمت بدل جائے گی۔ یہ منصوبہ پاکستان کو معاشی لحاظ سے مضبوط بنانے میں کلیدی کردار اداکرے گا۔ محمد شہباز شریف نے ذیابیطس سے بچائو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یہ دن منانے کا مقصد ذیابیطس سے بچائو کے حوالے سے عوام میں آگاہی پیدا کرنا ہے۔ ذیابیطس کے مرض کے باعث انسانی جسم کو دیگر پیچیدگیوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے اور دنیا سمیت پاکستان میں کچھ عرصے سے ذیابیطس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے۔ ذیابیطس کے مرض کو کنٹرول میں رکھنے اور اس سے بچاؤ کیلئے احتیاط سب سے زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے ۔ ذیابیطس سے بچائو اور اس مرض کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ شہباز شریف نے کوہ پیما حسن سدپارہ کی بیماری کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے حسن سدپارہ کے علاج معالجے کے لئے 25 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ شہبازشریف نے امریکہ میں ہونے والے نیچرل مسٹر اولمپیا کامقابلہ جیتنے پر پاکستانی کھلاڑی نوید احمد بٹ کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا نوید احمد بٹ نے بچپن میں پولیوکا شکار ہونے کے باوجود نیچرل مسٹر اولمپیا کا اعزاز جیت کر پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور قوم کو ایسے باہمت اور باصلاحیت نوجوانوں پر فخر ہے۔
شہبازشریف

مزیدخبریں