کراچی ( اسٹاف رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی ولی کی سربراہ بیگم نسیم ولی خان نے کہا ہے کہ مخالفین یہ پروبیگنڈہ کررہے ہیں کہ عوامی نیشنل پارٹی (ولی) اور اے این پی کا انضمام ہونے جارہا ہے جس میں کوئی حقیقت نہیں ہے جبکہ ہم باچا خان بابا کے پیروکار ہیں ہمارا اختلاف اصولوں کی بنیاد پر ہے ، باچاخان بابا کی تحریک پر جو کرپشن کا داغ لگایا گیا ہے اس کو کس طرح صاف کیا جائے گا ، ہم تحریک کو بچانے کے لیے نکلے ہیں ،کارکن حوصلے بلند رکھے، مرکزی اجلاس کے بعد ملک بھر میں کارکنوں کو ممبر شب کارڈز تقسیم کیے جائینگے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے بروز اتوار اپنے رہائش ولی باغ میں اے این پی ولی سندھ کے صدر فضل کریم لالا اور سیکریٹری جنرل قاسم جان سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ، اس موقع پر مور بی بی نے کہا کہ ملک کی داخلی پالیسی کو خارجہ پالیسی کے تابع کرنا اس ملک کی سب سے بڑی بدقسمتی ہے پاکستان کو پالیسیاں تبدیل کرنا ہوگی ، انہوں نے مزید کہا کہ ڈیورنڈ لائن سے متعلق ہمارا واضح موقف ہے کہ ہم اس لکیر کو نہیں مانتے اور ڈیورنڈ لائن اُس وقت کہا تھی جب 35 لاکھ افغانوں کو یہاں کیوں لایا گیا ، انہوں نے مزید کہا کہ مغربی روٹ میں تبدیلی ہمیں کسی صورت میں قبول نہیں ہے ، آخر میں سندھ کے رہنماﺅں نے مور بی بی کو سنگین ولی کے بیٹے کی ولادت پر انہیں مبارک باد پیش کی ۔