راج کوٹ(سپورٹس ڈیسک ) انگلش کپتان ایلسٹر کک کی جانب سے اننگز دیر سے ڈکلیئر کرنے اور ویرات کوہلی کی قائدانہ اننگز کی بدولت ہندوستان کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا کرنے میں کامیاب رہی۔ آخری دن انگلینڈ نے 114 رنز بغیر کسی نقصان کے اننگز شروع کی تو سیب حمید اور کک وکٹ پر موجود تھے۔ حسیب 82 رنز کی باری کھیلنے کے بعدکیچ دے بیٹھے۔ کک نے 29ویں سنچری مکمل کی اور 130 رنز پر کک نے آؤٹ ہونے کے ساتھ ہی انگلینڈ نے 260 رنز تین کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ختم کرنے کا اعلان کردیا۔پہلی اننگز کی برتری کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کو 49 اوورز میں 310 رنز کا مشکل ہدف دیا۔310 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور صفر کے سکور پر گوتم گمبھیر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔ چتیشور پجارا اور مرلی وجے نے انگلش کھلاڑیوں کی خراب فیلڈنگ اور ڈراپ کیچز کی بدولت سکور کو 47 تک پہنچایا لیکن عادل راشد نے پجارا کو رخصت کر کے اپنی ٹیم کو دوسری کامیابی دلائی۔مرلی وجے کی 31 رنز کی مزاحمت کا خاتمہ بھی عادل راشد نے حسیب کی مدد سے کیا لیکن بھارتی ٹیم کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب معین علی نے اجنکیا راہانے کو پویلین لوتا دیا جو صرف ایک رن بنا سکے۔71 رنز پربھارتی وکٹیں گرنے سے بے جان میچ میں یکدم جان پڑ گئی اور انگلش کھلاڑیوں نے مزید وکٹوں کے حصول کی جدوجہد شروع کی۔اس مشکل مرحلے پر ویرات کوہلی اور ایشون ایک بار پھر انگلش باؤلرز کی راہ میں حائل ہو گئے۔جب کھیل ختم ہوا توبھارت نے چھ وکٹ کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے۔انگلینڈ کی جانب سے عادل راشد تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔معین علی کو عمدہ آل راؤنڈر کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 17 نومبر سے وشاکا پٹنم میں کھیلا جائے گا۔