اہالیان لودہراں میرا فخر‘ پارٹی کے ہر حکم پر لبیک کہا: جہانگیر خان ترین

Nov 14, 2016

لودھراں( نامہ نگار‘ خبرنگار ) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری جنرل و رکن قومی اسمبلی جہانگیر خان ترین نے گزشتہ روز اپنی رہائش گاہ پر مقامی رہنماﺅں اور کارکنوں کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ ظہرانے کے شرکاءسے خطاب میں جہانگیر خان ترین نے کہا کہ اہالیان لودھراں میرا فخر ہیں انہوں نے ہمیشہ میرے اور پارٹی کے ہر حکم پر لبیک کہا ہے۔ ورکرز کے مسائل حل کروانے کے لئے پورا زور لگارہاہوں ہم نے لودھراں میں جھوٹے پرچوں کا راج بھی ختم کردیاہے۔ سابقہ حکمرانوں نے 30سالوں میں عوامی فلاح کے لئے کچھ نہیں کیامگر اپوزیشن میں ہونے کے باوجود میں عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے کوشاں ہوں۔ حلقہ این اے 154کی طرح این اے 155بھی میرا گھر ہے وہاں کے لوگو ں کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھاﺅں گا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں پکڑے جانے کے بعد وزیر اعظم اور ان کے خاندان کے بیانات میں واضح تضادات موجود ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کی کہانی من گھڑت ہے ۔شریف خاندان کے ہر رکن نے اپنا اپنا جھوٹ تراشاہوا ہے ۔تحریک انصاف کی قانونی ٹیم پوری تیاری کے ساتھ منگل کو سپریم کورٹ جارہی ہے انشاءاللہ عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لاکر ہی دم لیں گے ۔جہانگیر خان ترین نے کہا کہ اسلام آباد لاک ڈاﺅن کے دوران لودھراں سے نظر بند اور گرفتار کارکنوں خاص طور پر ضلعی صدر ڈاکٹر شیر محمد اعوان کو پارٹی کے لئے قربانی دینے پر خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ انہوںنے لودھراں سے اسیر رہنماﺅں اور کارکنان جن میں ڈاکٹر شیر محمد اعوان،میاں شعیب ارائیں،سیٹھ عبدالحمید،رانا اللہ نواز،ڈاکٹر نجم،شاہد بشیر،محمد عثمان ،عثمان طاہر،طاہر حسین،رانا کامران،رانا لیاقت ،احسان طاہر کو تعریفی سرٹیفیکیٹس سے بھی نوازا۔ اس موقع پر صدر پی ٹی آئی جنوبی پنجاب اسحاق خان خاکوانی سمیت پارٹی کے مقامی رہنما ،عہدیدار اور ٹکٹ ہولڈرز بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں