پنجاب پولیس کے افسروں جوانوں کو یواین مشن پر بھجوانے کا فیصلہ نہ ہو سکا

لاہور (نامہ نگار) پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکار یو این مشن پر جا سکیں گے یا نہیں، تاحال فیصلہ نہیںہوسکا ہے جبکہ پنجاب کے علاوہ باقی صوبوں کے پولیس حکام نے یو این مشن میں افسران کو بھجوانے کے لیے مراسلے جاری کردئیے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی یو این مشن پر سلیکشن کے لیے آئی جی پنجاب نے تاحال مراسلہ جاری نہیں کیا ہے۔ یو این مشن کی سلیکشن ٹیم بنگلہ دیش،نیپال اور انڈیا کے بعد دسمبر میں پاکستان آئے گی۔ یو این کی ٹیم اسلام آباد میں محکمہ کی جانب سے مختلف صوبوں کے یو این مشن کے لئے منتخب کئے گئے افسران اور اہلکاروں کے انٹرویو کرے گی۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے یو این مشن پر پابندی ہٹانے کے بعد تمام آئی جیز کو جلد سلیکشن کے احکامات جاری کئے تھے۔ پاکستان سے 350 افسران اور اہلکاروں کو یو این مشن کے لیے منتخب کیا جائے گا۔ منتخب ہونے والوں میں کانسٹیبل سے ایس ایس پی رینک تک کے افسران شامل ہوں گے۔ دوسرے صوبوں کے پولیس افسران نے یو این مشن کے لیے منتخب افسران کی لسٹیں طلب کرلی ہیں جبکہ پنجاب میںیو این مشن پر جانے کے خواہشمند پولیس افسران اور اہلکار آئی جی مشتاق سکھیرا کے مراسلے کے منتظر ہیں۔ یو این مشن کے لئے افسران اور اہلکاروں کی 7 دسمبر تک سلیکشن مکمل کرنی ہے۔

ای پیپر دی نیشن