پیپلز پارٹی ڈیرہ واقعہ کو دبنے نہیں دیگی، نفیسہ شاہ

Nov 14, 2017

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کی انسانی حقوق سیل کی انچارج اورممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے ڈیرہ اسماعیل خان میں خاتون کے ساتھ توہین آمیز سلوک کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے چیف جسٹس سپریم کورٹ سے اس غلیظ واقعے کا ازخود نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔ ایک بیان میں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے اس بات کا بھی نوٹس لیا کہ یہ شرمناک واقعہ خیبر پختون خوا میں ہوا ہے جہاں پی ٹی آئی کی حکومت ہے حیرت کی بات یہ ہے عمران نیازی نے اس واقعے پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے کیونکہ پی ٹی آئی کے ایک وزیر ملزموں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا عمران نیازی اس حوالے سے اپنی پارٹی کے ایم این اے کی بات سننے کیلئے تیار نہیں جو اس امر کی نشاندہی ہے عمران نیازی کے قول و فعل میں تضاد ہے۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا پی ٹی آئی کی حکومت نے مقتول طالبعلم مشال خان کے اصل قاتل کونسلر کو تحفظ دے کر ملک سے فرار کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ڈیرہ اسماعیل خان کے واقعے کو دبنے نہیں دیگی اور مظلوم خاندان کی دادرسی کے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں آواز اٹھائے گی۔ ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا خیبر پختون خوا میں کرپشن اور کرائم عمران نیازی کا نیا پاکستان ہے۔
نفیسہ شاہ

مزیدخبریں