کرکٹر نے ساری حدیں پار کرکے سیاست سے شائستگی ختم کردی ، پارلیمنٹ کومدت پوری کرنے دیں : اسفند یارولی

کوئٹہ(بیورو رپورٹ)عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفندیار ولی خان نے عمران خان کے مطالبے اور انکی طرز سیاست کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹر نے ساری حدیں پار کرکے سیاست سے شائستگی ختم کردی ہے ، باقی لوگوں میں وراثت میں جائیدادیں اور بینک بیلنس جبکہ ہم سرخ پوش کارکنوں کو نظریہ ورثے میں ملتا ہے فاٹا کو خیبرپی کے میں شامل کرنے کے بعد پشتونوں کی ایک ملی وحدت بنائیں گے جس میں ہماری آبادی پنجاب سے زیادہ ہوگی اور ہم ترقی کریںگے ، فاٹا انضمام کی مخالفت کرنے والے صرف دو پشتون رہنماء ہیں جن کے پاس کوئی دلیل اور کوئی منطق نہیں ایک رہنماء انضمام کو امریکی ایجنڈا کہتا ہے اور پھر انضمام کی حامی جماعت کے ساتھ ایم ایم اے کی بحالی چاہتا ہے اور دوسرا سیاسی رہنماء جو پشتونوں کی وحدت کے نعرے لگاتا تھا آج جب پشتونوں کے درمیان لکیریں مٹ رہی ہیں تو یہ ان کی مخالفت کررہے ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف نے سی پیک منصوبے میں ہمارے ساتھ جو وعدے کئے ان کی پاسداری نہیں کی ان کے پشتون اتحادی اس پر خاموش ہیں۔ہمیں اپنی منزل معلوم ہے اور اس کا راستہ فخر افغان باچاخان نے بتادیا ہے ، ان خیالات کااظہار انہوں نے چمن کے ہائی سکول گرائونڈ میں شہید حاجی جیلانی خان اچکزئی کی ساتویں برسی کے موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ عام سے اے این پی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی ، پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی ، صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظام الدین کاکڑ ، ضلع قلعہ عبداللہ کے صدر اسد خان اچکزئی ،تحصیل صدر گل باران افغان ، ڈاکٹر صوفی اکبر کاکڑ نے بھی خطاب کیا ۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض صوبائی سیکرٹری اطلاعات مابت کاکا نے سرانجام دیئے جبکہ حافظ عصمت اللہ نے تلاوت کلام پاک کی سعادت حاصل کی ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اسفندیا رولی خان نے شہید جیلانی خان اچکزئی کو ان کی ساتویں برسی پر بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید جیلانی خان نے اس وطن کی خاطر قربانی دی اور ہمیں اپنے ان شہداء پر فخر ہے ہمیں اپنی منزل معلوم ہے اور اس کا راستہ فخر افغان باچاخان نے بتایا ہے ہمارا یہ جو سرخ جھنڈا ہے اس کا رنگ ویسے سرخ نہیں ہے بلکہ یہ قصہ خوانی ، بنوں ،ٹکراور بابڑہ سمیت ان تمام پشتون شہداء کے خون سے بنا ہے جو پشتون وطن کے لئے قربانیاں دیں اور شہید ہوئے ۔ انضمام کی مخالفت کرنے والے ایک مذہبی جماعت کا لیڈر کہہ رہا ہے کہ فاٹا خیبرپی کے کے ساتھ انضمام امریکی ایجنڈا اور اس کے حامی امریکہ کے ایجنٹ ہیں اب اس انضمام کی حامی جماعت اسلامی بھی ہے دوسری طرف وہ جماعت اسلامی کے ساتھ ایم ایم اے کو دوبارہ فعال کررہا ہے ۔یہ بھی کمال کا لیڈر ہے جو مشرف سے لے کر زرداری اورنواز شریف کے ہر دور حکومت میں ان کا ساتھی رہاہے یہ کمال کا فن ہے جوہر کسی کو نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے ساتھ حکومت میں اتحادی تھا تو میں نے اپنے باپ دادا اور پشتونوں کے ارمانوں کی تکمیل کرتے ہوئے پشتونوں کو ان کی قومی شناخت پشتونخواہ صوبے کا نام دیا این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں کو اختیارات دلائے اور پشتونوں کی خدمت کی اب پشتونوں کے حقوق کی دعوے کرنے والا نواز شریف کا اتحادی بتائے کہ انہوں نے نواز شریف کے ساتھ اتحاد میں پشتونوں کو کیا دیا۔انہوں نے کہا کہ اس ملک میں عمران خان نے سیاست سے شائستگی ختم کردی ہے اور گالیوں کی سیاست کو پروان چڑھایا ہے یہاں پر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے پر سیاسی تنقید کرتی تھیں مگرحدیں کسی نے پار نہیں کیں مگر اب اس کرکٹر نے ساری حدیں پار کردی ہیں مختلف دھرنوں اور نعروں کے بعد اب اس کرکٹر نے وقت سے پہلے انتخابات کی بات کردی ہے یہ سیاستدان ہی نہیں ہیں ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری طریقے سے جمہوریت کی بات کرتے ہیںپارلیمنٹ کو اپنی مدت پوری کرنے دیں انہوں نے ڈاکٹر اکبرکاکڑ کو اے این پی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمارے قافلے کے ساتھی تھے ہیں اور رہیں گے۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے اے این پی کے صوبائی صدر اصغرخان اچکزئی نے اپنے والد شہید خان جیلانی خان اچکزئی کو ان کی ساتویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس وطن کے فرزند تھے جنہوں نے اس قوم کے لئے بڑی قربانیاں دیں ۔ان نام نہاد قوم پرستوں نے رائیونڈ اور بھور بن میں جو معاہدے کئے ان کے تحت انہوں نے صرف گورنری اور وزارتیں حاصل کیں ان معاہدوں میں کہیں بھی پشتونوں کی بات نہیں کی گئی ہے۔ صوبائی اسمبلی میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر ز مرک خان اچکزئی نے شہید جیلانی خان اچکزئی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ہزاروں شہداء دیئے ہیں۔ اے این پی پشتونوں کی نمائندہ جماعت ہے ہم پر امن لوگ ہیں اور قیام امن کے لئے جدو جہد کرتے رہیں گے۔جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری حاجی نظامالدین کاکڑ نے کہا کہ آج ملک کے حالات ٹھیک نہیں ہیں اقتصادی مشکلات بھی بڑھ رہی ہیں چیک پوسٹوں پر پشونوں کے ساتھزیادتی کا سلسلہ جاری ہے اور یہ سب کچھ حکمرانوں کی غلط پالیسیوں کا نتیجہ ہے جس سے مزید نقصانات کا اندیشہ ہے، اس موقع پر معروف پشتون قوم پرست رہنما ڈاکٹر صوفی محمد اکبر کاکڑ نے اے این پی میں شمولیت کا اعلان کیا ، اے این پی کے سر براہ جلسہ گاہ پہنچے تو کارکنوں نے کھڑے ہو کر ان کا پر جوش استقبال کیا ۔

ای پیپر دی نیشن