ہنوئی(آن لائن)ویتنام کی پولیس نے مشہور موسیقارہ ’مائی خوی‘ جو ویتنامی لیڈی گاگا کے لقب سے مشہور ہے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورے کے دوران ان کی مبینہ توہین پر مبنی پوسٹ شائع کرنے پر حراست میں لیا گیا ہے تا ہم بعد میں اسے چھوڑ دیا گیا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق 34 سالہ موسیقارہ اور گلوکارہ نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شائع کی تھی جس میں ’۔۔۔۔ ٹرمپ آپ کے ذمہ ہے‘ کے الفاظ درج تھے۔ اس پر کچھ ہی دیر میں پولیس نے خوی کے گھر میں گھس کر اسے حراست میں لے لیا۔مائی خوی کا کہنا ہے کہ میں آزادی اظہار رائے کا اپنا حق استعمال کرتی ہوں اور مجھے ٹرمپ کے قول وفعل پر اعتراض کا حق ہے کیونکہ وہ جو کچھ کرتے ہیں میں اس سے متفق نہیں‘۔خیال رہے کہ مائی خوی نے گزشتہ برس سابق امریکی صدر بارک اوباما سے ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں انہوں نے امریکی صدر سے اپنے ملک میں انسانی حقوق کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔