اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ اے این این) مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی کو آج طلب کرلیا ہے۔ ڈی جی نیب کی سربراہی میں جے آئی ٹی اعظم سواتی سے پوچھ گچھ کرے گی۔ سپریم کورٹ کے حکم پر جے آئی ٹی اعظم سواتی کے مبینہ تجاوزات، آئی جی اسلام آباد کا تبادلہ اور اثاثوں کی تحقیقات کررہی ہے۔ دوسری طرف ایف بی آرنے وفاقی وزیر اعظم سواتی کیخلاف تحقیقات کیلئے قائم کردہ جے آئی ٹی کو معلومات فراہم کرنے سے انکار قانونی رائے کیلئے ریفرنس تیارکرکے لاء ڈویژن کو بھجوادیا۔ایف بی آرکے جواب کے مطابق انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کی سیکشن 216 کے تحت ٹیکس دہندگان کی معلومات خفیہ رکھنے کا پابند ہے، خلاف ورزی کے مرتکب افسر کو جرمانہ و قید کی سزائیں دی جاسکتی ہیں۔جے آئی ٹی کے سربراہ میر واعظ نے سخت ردعمل کا اظہارکرتے ہوئے سپریم کورٹ اور چیئرمین ایف بی آر کو خط لکھ دیا جس میں شکایت کی گئی کہ اعظم سواتی کے بارے میں معلومات کی فراہمی سے انکارکرکے جے آئی ٹی کی تحقیقات میں رکاوٹ ڈالی جارہی ہے۔