اسلام آباد (قاضی بلال) پاکستان میڈیکل کمیشن نے آرڈیننس کی منظوری سے پہلے ایسے کام شروع کردیئے جو کئی سالوں سے رکے ہوئے اور غیر قانونی اقدامات جو سابقہ کونسل کرنے کیلئے تیار نہ تھی وہ بھی کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ پی ایم سی کی جانب سے راول میڈیکل کالج اسلام آبادکے ڈینٹل سیکشن میں داخلے کی اجازت دیدی گئی۔ ایک دن پہلے تعینات ہونے والے سیکرٹری پی ایم سی ڈاکٹر ارسلان حیدر کے دستخطوں سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹری پی ایم سی نے راول میڈیکل کالجز کی انیس اکتوبر دوہزار انیس کی درخواست پر فوری کارروائی کرتے ہوئے داخلے دینے کی اجازت دیدی ہے۔ دوسری جانب پی ایم ڈی سی کے ملازمین نے چوبیس روز سے اپنا دھرنا کونسل کے مرکزی سیکرٹریٹ کے سامنے جاری رکھا ہوا ہے۔ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اسلام آباد کی تحلیل کے خلاف ملازمین نے آرڈینس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔