کریک ڈائون، بھاری جرمانوں کیخلاف آٹا چکی مالکان کی ہڑتال

Nov 14, 2019

لاہور (کامرس رپورٹر) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے چھاپے مارنے اور بھاری جرمانے عائد کئے جانے کے خلاف لاہور آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن کی کال پر لاہور کے بیشتر علاقوں میں چکی مالکان نے ہڑتال کی۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری عبدالرحمان نے کہا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1800 سے 1900 روپے فی من کی سطح پر پہنچ گئی ہے اور گزشتہ سال کے1400 سے 1450 مقابلہ میں اس کا ریٹ 400 سے 450روپے فی من زیادہ ہے۔ آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن کے ترجمان نے آٹے کی ضلعی انتظامیہ کی مقررہ قیمت کو مسترد کردیا اور کہا کہ وہ پیداواری لاگت سے کم پر فروخت نہیں کر سکتے۔ وہ اوپن مارکیٹ سے 45 سے 47 روپے فی کلو گندم خرید کر کے آ ٹا 42 روپے فی کلو فروخت نہیں کرسکتے۔ لاہور آٹا چکی مالکان ایسوسی ایشن کے جنرل سیکٹری عبدالرحمٰن کے مطابق ضلعی انتظامیہ آٹا چکی مالکان کو ایک کلو چکی کا تیارکردہ آٹا 42روپے میں فروخت کرنے پر مجبور کر رہی ہے جو کہ فلور ملوں کے تیار کردہ آٹے کے لئے مقررہ قیمت ہے کیونکہ فلور ملوں کو سرکاری گندم مل رہی ہے اور فلور ملیں آٹے سے چوکر ، میدہ اور سوجی کی مقررہ مقدار نکال کر فروخت کرتی ہیں جبکہ آٹا چکی مالکان گندم اوپن مارکیٹ سے 1800 سے 1900 روپے من سے زائد میں خرید تے ہیں جس کو تمام اخراجات شامل کر کے 60روپے کلو کے حساب میں فروخت کیا جا رہا تھا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کا اجلاس ہوا ، جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی مانیٹرنگ ، گراں فروشی کی شکایات کے ازالے او رپرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ میاں اسلم اقبال نے بعض شہروں میںآٹا، چینی،گھی اور دیگر اشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخو ں سے زائد پر فروخت پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہاکہ یہ صورتحال مزید برداشت نہیں کی جاسکتی، متعلقہ انتظامیہ اپنا رویہ درست کرلے۔ اشیاء ضروریہ کی قیمتوں، معیاراور ناپ تول پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ 20کلو آٹے کا تھیلا 808 روپے، 10کلو آٹے کا تھیلا 404روپے، چینی 70روپے فی کلو اورگھی کی ز یادہ سے زیادہ قیمت 180روپے فی کلو ہے۔ انتظامیہ اشیاء ضروریہ کی ان قیمتو ںکو صوبے کے ہر شہر میں یقینی بنائے۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ عوام اشیاء ضروریہ کی اصل قیمت جاننے کے لئے پنجاب قیمت ایپ پر نظر رکھیں۔ انہوںنے کہاکہ گراں فروشی پر ٹال فری نمبر0800-02345 پر شکایت درج کرائیں، فوری ایکشن ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر ملوں کو فراہم کردہ گندم کے مطابق مارکیٹ میں آٹے کی دستیابی یقینی بنائے۔ میاں اسلم اقبال نے کہاکہ گندم پر 42ارب روپے کی سبسڈی کے ثمرات ہر قیمت پر عوام کو ملنے چاہئیں۔

مزیدخبریں