اسلام آباد(وقائع نگار ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بابر اعوان نے کہا ہے کہ بیرون ملک جانے کیلئے حکومت سزایافتہ قیدی سے سکیورٹی بانڈ مانگ سکتی ہے، اگر نواز شریف جاکر واپس نہیں آتے تو حکومت جواب دہ ہے،پھر یہی کہا جائے گا کہ عمران خان نے این آر اودیا ہے۔ سیکیورٹی بانڈ جمع کرانے سے نواز شریف انکار یا اقرار تب کریں جب وہ سودا کر رہیں ہوں،ہماری حکومت تو کوئی سودا نہیں کرے گی۔ بدھ کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعوان نے کہاکہ بیرون ملک جانے کیلئے حکومت سزایافتہ قیدی سے سکیورٹی بانڈ مانگ سکتی ہے ،قانون کے مطابق اتھارٹی مشروط آرڈر جاری کرسکتی ہے۔بابر اعوان نے کہاکہ جو حکومت اجازت دے سکتی ہے وہ اس کے ساتھ شرائط بھی عائد کرسکتی ہے،سپریم کورٹ نواز شریف کی اس سے قبل بیرون ملک علاج کی استدعا مسترد کر چکی ہے۔