اثاثہ جات کیس،اکرم درانی کی متفرق درخواست منظور،مزیددستاویزات جمع کرانیکی اجازت

Nov 14, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اکرم درانی کی متفرق درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں مزید دستاویزات جمع کرانے کی اجازت دیدی ہے۔ اکرم درانی کی جانب سے دائر متفرق درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ اسلام آباد کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویڑن بنچ نے کی۔ اس موقع پر اکرم درانی کی جانب سے کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پہلے سے زیرالتوا درخواست میں مزید دستاویزات جمع کرانا چاہتے ہیں ، اکرم درانی کی عبوری ضمانت کی درخواست میں دو پیراگراف میں تبدیلی کرنا چاہتے ہیں۔ عدالت نے ان کی استدعا منظور کرتے ہوئے رجسٹرار آفس کو مزید دستاویزات اور درخواست میں تبدیلی کی اجازت کی ہدایت جاری کر دی۔ واضح رہے کہ رہبر کمیٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اکرم درانی نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانت قبل از گرفتاری کے لئے اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔ عدالت نے پانچ لاکھ روپے کے مچلکوں عوض ان کی عبوری ضمانت منظور کر رکھی ہے۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران مرتضیٰ ایڈووکیٹ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی تحریک کے پلان ’’بی‘‘ کا آغاز آج سے ہو گا۔ پلان بی میں تمام اپوزیشن جماعتیں جے یو آئی کا ساتھ دیں گی۔ اپوزیشن نے حکومت کے خلاف شدت لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن حکومت سے کوئی معاہدہ نہیں کریں گے بلکہ وہ حکومت پر مزید دباو بڑھائیں گے۔

مزیدخبریں