(ن)لیگ سیاست کرنے کے بجائے انڈیمنٹی بانڈ جمع کرائے اور نوازشریف کا بیرون ملک علاج کرائے:فردوس عاشق

وزیر اعظم کی  معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان  نے کہا ہے  کہ نواز شریف سزا یافتہ قیدی ہیں، نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جا سکتا،شہباز شریف انا کے خول سے باہر نکلیں، انڈیمنٹی بانڈ جمع کرائیں۔مسلم لیگ(ن)سیاست کرنے کے بجائے انڈیمنٹی بانڈ جمع کرائیں اور نوازشریف کا بیرون ملک علاج کرائے۔  اسلام آباد ہائیکورٹ  کے باہر  صحافیوں  سے بات کرتے ہوئے  انہوں  نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سیاست پر انسانیت کو فوقیت دی، وزیراعظم نے احکامات جاری کیے کہ نوازشریف کی صحت پر سیاست نہیں کرنی، لیکن تاثر دیا جارہا ہے کہ حکومت نے نواز شریف کی صحت پر سیاست کی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ نواز شریف کامعاملہ انسانی ہمدردی کا ہے، تاثر دیا جارہا ہے کہ انڈیمنٹی بانڈ سیاسی مقصد کے لیے ہے، حکومت ایک دھیلا بھی اپنے لیے نہیں مانگ رہی، ماضی میں لیگی وزرا پرویز مشرف کے کیس پر سیاسی بیانات دیتے رہے، پرویز مشرف سزایافتہ نہیں تھے پھر بھی بیان بازی کی گئی۔  انہوں  نے کہا کہ نواز شریف کی بیرون ملک روانگی سے متعلق سیاسی بیانات آرہے ہیں، (ن) لیگی ترجمانوں کی فوج گمراہ کرنے کی کوشش میں مصروف ہے، نواز شریف کی صحت سے متعلق چوکے چھکے نہ لگائیں، سزایافتہ شخص کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاتا، آپ سے گارنٹی مانگی گئی ہے، انڈیمنٹی بانڈ جمع کرائیں اور بیرون ملک جاکرعلاج کرائیں،شہباز شریف انا کے خول سے باہر نکلیں، انڈیمنٹی بانڈ جمع کرائیں، قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے گارنٹی مانگی گئی،۔ آپ کا ہمارا ٹی 20 یا ون ڈے نہیں یہ لمبی سیریز ہے، سیاسی پنجہ آزمائی جاری رہے گی۔مولانا فضل الرحمان کے آزادی مارچ سے متعلق فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فضل الرحمن اپنے کارکنوں کو سیاسی ایندھن بنانے لائے تھے، ان کا پلان بی ڈرامے کی اگلی قسط ہے جو پہلی قسط کی طرح فلاپ ہوگی۔

ای پیپر دی نیشن