لاہور(سپورٹس رپورٹر) کٹا بچاؤ اور کٹا فربہ سے متعلق ماسٹر ٹرینرز کی تربیتی ورکشاپ اختتام پذیر ہو گئی۔ ویٹرنری اکیڈمی یونیورسٹی آف ویٹنری اینڈ اینیمل سائنسز لاہور میں ہونے والی تربیتی ورکشاپ میں ملک بھر سے محکمہ لائیو سٹاک کے ویٹرنری پروفیشلز نے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ سٹاف کو ٹریننگ پر بھیجتے وقت میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ ورکشاپ کے شرکاء اپنے علم کو لائیو سٹاک فارمرز تک پہنچائیں۔ صوبائی وزیرنے کہا کہ محدود وسائل میں ترجیحات طے کر کے اہداف حاصل کئے جا سکتے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر نے ملک بھر سے آئے ہوئے تربیتی ورکشاپ کے شرکاء میں سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔