اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرکی زیرصدارت پہلی مرتبہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت قائم منصوبوں میں "سرمایہ کاری تجارت اورعوامی رابطوں میں اضافے کے حوالے سے پارلیمنٹ کے کردار" کے موضوع پرعلاقائی مکالمے کاانعقادکیاگیا۔ اس موقع پروزیراعلی خیبرپختونخوامحمودخان،چیئرمین سی پیک کمیٹی وممبرقومی اسمبلی ارباب شیرعلی خان اورافغان قونصلرجنرل سمیت دیگرمتعلقین و ممبران صوبائی اسمبلی بھی موجودتھے۔ اقتصادی راہداری پرعلاقائی مکالمے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہاکہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری علاقائی رابطوں کوفروغ دینے کاایک ذریعہ ہے جوناصرف پاکستان بلکہ پورے وسطی ایشیا اورجنوبی ایشیا میں رابطوں کوآگے بڑھانے میں کلیدی کرداراداکریگا۔انہوں نے کہاکہ ان منصوبوں سے چین اورپاکستان کے علاوہ ایران،افغانستان،وسطی ایشیا کی ریاستیں اوربھارت سمیت خطے کے دیگرممالک بھی مستفیدہوں گے،خیبرپختونخواچین کوافغانستان اوروسطی ایشیائی ریاستوں سے جوڑنے کاواحد ذریعہ ہے،خیبرپختونخواپاکستان اورچین دونوں کیلئے تجارت کی نئی راہیں کھولے گا، اقتصادی راہداری منصوبوں کی جلدتکمیل کیلئے کوشاں ہیں۔ سپیکرقومی اسمبلی اسدقیصرنے کہاکہ پاکستان افغانستان کیساتھ قریبی برادرانہ تعلقات کومزیدوسعت دینے کاخواہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم نے افغانستان میں روزگارکے مواقع فراہم کرنے اورترقی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے سی پیک میں شمولیت کی دعوت دی ہے جس پرانہوں نے آمادگی کااظہاربھی کیاہے۔