ایف بی آر کے انٹیگریٹی مینجمنٹ اور ریجنل انٹیگریٹی کمیٹیز کے اصول و قواعد جاری 

 اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)فیڈرل بور ڈ آف ریونیو نے تشکیل کردہ انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل اور ریجنل انٹیگریٹی کمیٹیز کے اصول و قواعد جاری کر دیئے ہیں۔ اصول و قواعد کے مطابق انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل کی سربراہی گریڈ 21 یا 22 کے کسٹمز یا آئی آر ایس کا سینیر افسر کرے گا جس کی معاونت کے لیئے دو چیف (کسٹمز اور آئی آر ایس) دو سیکریٹریز (کسٹمز اور آئی آر ایس) مقر ر کئے گئے ہیں۔ ریجنل انٹیگریٹی کمیٹیز کے تمام چئیرپرسنز انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل کے انچارج کو رپورٹ کریں گے۔کسی بھی ایف بی آر ملازم کے خلاف شکایت کی صورت میں شکایت براہ راست انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل ایف بی آر ہیڈکوارٹر کو بھیجی جا سکتی ہے۔ درخواست پر شکایت کنندہ کا نام، شناختی کارڈ نمبر، فون نمبر، ایڈریس اور حلف نامہ (جس میں کہا گیا ہو کہ شکایت میں درج تفصیلات درست ہیں ) موجود ہونا ضروری ہیں۔شکایت کنندہ ای میل ایڈریس ،آن لائن کمپلینٹ پورٹل ، چئیرمین ایف بی آر، انچارج انٹیگریٹی مینجمنٹ سیل یا چئیرپرسن ریجنل انٹیگریٹی کمیٹی کو پوسٹ کے ذریعے بھی شکایت بھیج سکتا ہے۔ سیکریٹری اور چیف آئی ایم سی یا چئیرپرسن آر آئی سی سے ملاقات کے ذریعے بھی شکایت جمع کراسکتا ہے۔ وزیراعظم پورٹل کے ذریعے بھی شکایات بھیجی جا سکتی ہیں۔اصول و قواعد میں تحقیقاتی کمیٹی کی تشکیل بھی واضح کی گئی ہے جو کہ چیف آئی ایم سی، چیف مینجمنٹ متعلقہ، سیکریٹری یا سیکنڈ سیکریٹری آئی ایم سی اورضرورت کے تحت  فیلڈ دفتر سے منتخب نمایندہ پر مشتمل ہے۔ اصول و قواعد میں انکوائری اور شکایت کے ازالہ کے لئے تحقیقات کے راہ نما اصول واضح کئے گئے ہیں۔ اصول و قواعد کے تحت ریجنل انٹیگریٹی کمیٹیز ماہانہ بنیادوں پر موصول شکایت اور ازالہ کی رپورٹ انٹیگریٹی  مینجمنٹ سیل کو بھیجے گی۔   

ای پیپر دی نیشن