اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) ملک کی 49 فیصد عوام نے اپوزیشن کی پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی تحریک کو سویلین بالادستی کی تحریک قرار دے دیا۔ انسٹیٹیوٹ آف پبلک اوپینین ریسرچ کے سروے کے مطابق 32 فیصد عوام سمجھتے ہیں کہ اس تحریک کے ذریعے پی ڈی ایم میں موجود جماعتیں اپنی کرپشن کو چھپانے کی کوشش کررہی ہیں۔ سروے کے مطابق 45 فیصد عوام فوری انتخابات کے پی ڈی ایم کے مطالبے کے حامی ہیں جبکہ 31 فیصد عوام حکومت کی مدت مکمل ہونے کے حامی ہیں۔ پی ڈی ایم کی مطالبے کے مطابق فوراً مڈ ٹرم انتخابات ہونے کی صورت میں سروے میں 26 فیصد افراد نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دینے کا کہا۔ 25 فیصد نے پاکستان تحریک انصاف، 9 فیصد نے پاکستان پیپلز پارٹی، 3 فیصد نے جمعیت علمائے اسلام، 2 فیصد نے تحریک لبیک پاکستان ، 1 فیصد نے عوامی نیشنل پارٹی ، 1 فیصد نے آل پاکستان مسلم لیگ، 1 فیصد نے پاکستان مسلم لیگ (ق) جبکہ 1 فیصد نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کو ووٹ دینے کا کہا۔ 12 فیصد نے کہا کہ وہ کسی کو ووٹ نہیں دیں گے۔ 8 فیصد نے کہا انہوں نے ابھی اس بارے میں فیصلہ نہیں کیا جبکہ 3 فیصد نے کہا کے وہ سیاسی جماعتوں کی کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ کریں گے۔ 9 فیصد نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا۔ سروے کے مطابق الیکشن 2018کے بعد سے موجودہ سروے میں پاکستان تحریک انصاف کی مقبولیت میں 07 فیصد کمی آئی ہے لیکن پاکستان مسلم لیگ نواز بھی صرف 2 فیصد مقبولیت میں اضافہ کرپائی ہے جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مقبولیت 4 فیصد کم ہوئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں پاکستان مسلم لیگ (ن) سب سے آگے ہے اور اسے ووٹ دینے کا کہنے والوں کی شرح 39 فیصد ہے جبکہ پی ٹی آئی 26 فیصد کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف آگے ہے اور فوری انتخابات کی صورت میں 34 فیصد لوگ اس کیلئے ووٹ کرنا چاہتے ہیں۔ سندھ کو دیکھا جائے تو پاکستان پیپلز پارٹی22 فیصد کے ساتھ سب سے آگے ہے۔ جس کے بعد دوسرے نمبر پر پی ٹی آئی ہے جسے 13 فیصد لوگ ووٹ دینا چاہتے ہیں۔
مڈٹرم الیکشن ہوئے تو پارٹی تنہا حکومت نہیں بنا سکے گی: سروے
Nov 14, 2020