کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر وکمشنر کراچی افتخار شالوانی کی ہدایت پر کراچی میں گل دائودی گیندے کے پھولوں کی نمائش کی روایت کو دوبارہ زندہ کرنے اور شہریوں کو اس منفرد اور دلکش پھولوں کے میلے کی سوغات واپس لوٹانے کے لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ پارکس اینڈ ہارٹی کلچر نے تیاریاں شروع کردی ہیں ، پروگرام کے مطابق میری گولڈ فیسٹیول کے نام سے گل دائودی کی دیدہ زیب نمائش فریئر ہال کے سبزہ زار پر منعقد کی جائے گی جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کا محکمہ پارکس اور مختلف نرسریاں حصہ لیں گی اور اپنے تیار کردہ پھولوں کو خوشنما انداز میں شہریوں کے سامنے پیش کریں گی، اس سال اس نمائش کی تھیم ہوگی ’’آئو مل کر بنائیں کراچی کو رنگین‘‘میری گولڈ جسے گیندے کا پھول بھی کہتے ہیں سبھی اپنے گھروں، سڑکوں، پارکوں، فیکٹریز ، اسپتالوں، اسکولوں، مذہبی مقامات سمیت ہر جگہ لگانا پسند کرتے ہیں لہٰذا شہریوں کی اسی پسندیدگی کے پیش نظر یہ نمائش منعقد کی جا رہی ہے، واضح رہے کہ ماضی میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت گل دائودی کی سالانہ نمائش ہر سال موسم سرما کے آغاز پر شہر میں منعقد ہونے والا اہم ایونٹ ہوا کرتی تھی جسے دیکھنے کے لئے شہریوں کی بڑی تعداد اپنی فیملیز کے ہمراہ اس نمائش کا رخ کیا کرتی تھی اور شہریوں کے لئے یہ موقع انتہائی خوشی اور سکون کا باعث ہوا کرتا تھا لہٰذا ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے کراچی میں پھولوں اور قدرتی رنگوں سے محبت کرنے والے شہریوں کو ایک بار پھر یہ موقع فراہم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ کراچی کی روایتی ثقافت کو نئی نسل کے سامنے اجاگر کیا جائے اور موسم سرما میں نمو پا کر انتہائی دلکش اور خوبصورت روپ اختیار کرنے والے گل دائودی کی نمائش کے ذریعے ہنر مند مالیوں کی مہارت اور تجربے کو بھرپور انداز میں خراج تحسین پیش کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے اس سلسلے میں محکمہ پارکس کو بہترین انتظامات کرنے کے لئے کہا ہے جبکہ عوام الناس کو اس حوالے سے آگاہی بھی فراہم کی جائے گی۔
بلدیہ عظمیٰ کے تحت گل دائودی گیندے کے پھولوں کی نمائش، تیاریاں شروع
Nov 14, 2020