جاپان کے معروف سائنسدان اور طبیعات میں نوبل انعام حاصل کرنے والے کوشیبا مساتوشی چل بسے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق کوشیبا مساتوشی ٹوکیو کے ایک اسپتال میں انتقال کرگئے، ان کی عمر چورانوے برس تھی، معروف سائنسدان نے نیوٹرینو آسٹرونومی کی داغ بیل ڈالی تھی جس میں نیوٹرینوز کہلانے والے بنیادی ذرات کے مشاہدے کے ذریعے ستاروں کے ارتقا کے نظام کا جائزہ لیا جاتا ہے، اسی تحقیق پر انہیں سنہ دوہزار دو میں نوبل انعام سے نوازا گیا تھا۔
مساتوشی نے یونیورسٹی آف ٹوکیو کے پروفیسر کے عہدے پر فرائض ادا کرتے ہوئے دنیا میں پہلی بار کامیابی سے نیوٹرینوز کا مشاہدہ کیا تھا، یہ مشاہدہ ایک بڑے زیر زمین آلے کی مدد سے کیا گیا تھا، جسے وسطی جاپان کے گِفو پریفیکچر میں نصب کیا گیا تھا۔نوبل انعام ملنے پر کوشیبا نے انعام کی رقم سے بنیادی سائنسز میں تحقیق کو فروغ دینے کی غرض سے ایک فاؤنڈیشن قائم کی تھی، اس فاؤنڈیشن نے ہائی اسکول اور یونیورسٹی کے طلبا کے لیے جاپان بھر میں ایک سو سے زائد لیکچرز کا اہتمام کیا ہے، تاکہ طلبا کو سائنس سے لطف اندوز ہونے میں مدد دی جا سکے