قومی کرکٹ ٹیم ڈھاکہ پہنچ گئی ، ائیر پورٹ ، جہاز میں زبردست پزیرائی 

Nov 14, 2021

لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف ٹی ٹونٹی اور ٹیسٹ سیریز کھیلنے ڈھاکہ پہنچ گئی۔ قومی ٹی20 سکواڈ دبئی سے ڈھاکہ پہنچا، ایک روزہ آئسولیشن کے بعد گرین شرٹس کے کرونا ٹیسٹ کئے جائیں گے، منفی آنے پر قومی ٹیم ٹریننگ کا آغاز کریگی۔محمد حفیظ کی جگہ شامل افتخار احمد نے بھی سکواڈ جوائن کرلیا ہے، کپتان بابر اعظم اور شعیب ملک 16 نومبر کو سکواڈ کو جوائن کرینگے۔پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین ٹی ٹونٹی اور دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز 19 نومبر سے شروع ہوگی۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن کے علاوہ تمام ٹیم مینجمنٹ کو بھی برقرار رکھا ہے۔ میتھیو ہیڈن کی مصروفیات پہلے سے طے شدہ تھی۔قومی کرکٹرز کو بنگلہ دیش روانگی کے موقع پر ایئرپورٹ اور جہاز میں زبردست پذیرائی ملی۔ذرائع کے مطابق کرکٹ فینز ایئرپورٹ اور جہاز میں کرکٹرز کیساتھ تصاویر بناتے رہے۔وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کا کہنا ہے کہ طبیعت پہلے سے بہتر ہے اور سب سے دعاؤں کی اپیل ہے۔انہوںنے کہا کہ ہمارا جذبہ بھی فوجی جیسا ہی ہوتا ہے،ہروقت جان دینے کیلئے تیار ہوتے ہیں۔میں پاکستان کے لیے ہر وقت تیار رہتا ہوں۔واضح رہے کہ محمد رضوان کو 9 نومبر کو سینے میں شدید انفیکشن ہوا  تھاجس کے بعد انہیں ہسپتال منتقل کرنا پڑا جہاں انہوں نے دو راتیں آئی سی یو میں گزاریں۔ قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل تمام ارکان کی کرونا ٹیسٹنگ کے نتائج منفی آگئے ہیں۔ گزشتہ صبح ڈھاکہ پہنچنے پر ان تمام ارکان کی آرائیول کروناٹیسٹنگ کی گئی تھی۔ ٹیم مینجمنٹ نے آج بروز اتوار کو کوئی کرکٹ سرگرمی نہیں رکھی، قومی سکواڈ کل ہوٹل میں جم اور پول سیشن کرے گا۔سکواڈ 15 نومبر سے نیٹ پریکٹس کے سیشنز کا آغاز کرے گا۔قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ:بابر اعظم (کپتان )، شاداب خان (نائب کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، خوشدل شاہ، محمد نواز، محمد رضوان (وکٹ کیپر)،محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد (وکٹ کیپر)،شاہین شاہ آفریدی،شاہنواز دھانی،شعیب ملک،عثمان قادر۔سپورٹ سٹاف: منصور رانا (منیجر)، ثقلین مشتاق (عبوری ہیڈ کوچ)، شاہد اسلم (اسسٹنٹ ٹو ہیڈ کوچ)، ورنن فلینڈر (باؤلنگ کنسلٹنٹ)، کلف ڈیکن (فزیو تھراپسٹ)، ڈریکس سائمن (سٹرنتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، عبدالمجید (فیلڈنگ کوچ)، طلحہ اعجاز (ٹیم اینالسٹ)، کرنل (ر) محمد عمران (سکیورٹی منیجر)، ابراہیم بادیس (میڈیا اینڈ ڈیجیٹل منیجر)، ڈاکٹر نجیب سومرو (ٹیم ڈاکٹر) اور ملنگ علی (مساجر)۔

مزیدخبریں