لاہور (سٹاف رپورٹر ) تحریک لبیک یا رسول اللہ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام جامع مسجد رضائے مجتبیٰ میں پہلا ’’عقائدِ غوث اعظم قدس سرہ العزیز سیمینار‘‘ منعقد کیا گیا۔ سیمینار کی صدارت شیخ محمد حنیف شرقپوری نے کی۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یارسول اللہ کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہاعبد القادر جیلانی قدس سرہ العزیز علم عقائد اور تصوف میں ہمارے لیے مینارنور ہیں۔ آپ نے تصوف کو ایک نئی زندگی عطا ء کی۔ آپ نے خلق خدا کا رابطہ خالق سے جوڑنے کیلئے بھرپور کردار ادا کیا۔ سیدنا غوث اعظم شیخ عبد القادر جیلانی قدس سرہ العزیز کا احیائے دین کے سلسلہ میں کردار ہمیشہ یاد رکھا جائیگا۔ اولیائے کرام کی جماعت میں فیض رسانی کے لحاظ سے آپ ایک منفرد منصب پر فائز ہیں۔ آپ سے اظہار عقیدت اور ایصال ثواب کے لیے گیارہویں شریف کا انعقاد پوری دنیا میں کیا جاتا ہے۔ آپ نے قرآن و سنت کی تبلیغ سے اولیائے کاملین اور مجاہدین کی ایک جماعت تیار کی۔ جنہوں نے غلبہ اسلام کی بھرپور جدوجہد کی۔ سیمینار میں مفتی محمد ادریس جلالی، الحاج محمد الیاس، محمد نواز بھٹی، محمد کتاب جان، حافظ کاشف حسین، محمد اشفاق جلالی، محمد ثاقب جلالی ودیگر نے شرکت کی۔
تحریک لبیک کے زیر اہتمام پہلا ’’عقائدِ غوث اعظم قدس سرہ العزیز سیمینار‘‘
Nov 14, 2021